Tafseer-e-Mazhari - Al-Baqara : 276
یَمْحَقُ اللّٰهُ الرِّبٰوا وَ یُرْبِی الصَّدَقٰتِ١ؕ وَ اللّٰهُ لَا یُحِبُّ كُلَّ كَفَّارٍ اَثِیْمٍ
يَمْحَقُ : مٹاتا ہے اللّٰهُ : اللہ الرِّبٰوا : سود وَيُرْبِي : اور بڑھاتا ہے الصَّدَقٰتِ : خیرات وَاللّٰهُ : اور اللہ لَا يُحِبُّ : پسند نہیں کرتا كُلَّ : ہر ایک كَفَّارٍ : ناشکرا اَثِيْمٍ : گنہگار
خدا سود کو نابود (یعنی بےبرکت) کرتا اور خیرات (کی برکت) کو بڑھاتا ہے اور خدا کسی ناشکرے گنہگار کو دوست نہیں رکھتا
يَمْحَقُ اللّٰهُ الرِّبٰوا (یعنی اللہ سود کی برکت دور کردیتا ہے اور جس مال میں سود داخل ہوجائے اس کو تباہ کردیتا ہے حضرت ابن مسعود راوی ہیں کہ رسول اللہ نے فرمایا : جس کسی کا مال سود سے زیادہ ہوگا آخر کار وہ قلت کی طرف جائے گا۔ (رواہ ابن ماجہ و صححہ الحاکم) دوسری روایت میں آیا ہے کہ سود کتنا ہی زیادہ ہوجائے اس کا انجام کمی کی جانب ہوگا۔ وَيُرْبِي الصَّدَقٰتِ ۭ : اور بڑھا تا ہے خیرات کو یعنی جس مال میں خیرات نکالی جاتی ہے اس میں برکت عطا فرماتا ہے اور ثواب چند گنا کردیتا ہے۔ ابوہریرہ ؓ کی مرفوع روایت اوپر گذر چکی ہے کہ اللہ خیرات کو قبول فرماتا ہے اور اس کو اس طرح بڑھاتا رہتا ہے جس طرح تم اپنے بچھیرے کی پرورش کرتے ہو۔ (متفق علیہ) ابوہریرہ ؓ کی روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا : صدقہ مال میں کمی نہیں کرتا اور معاف کردینے سے عزت ہی بڑھاتا ہے اور اللہ کیلئے جو شخص تواضع اختیار کرتا ہے ‘ اللہ اسکو اور اونچا کرتا ہے۔ (رواہ مسلم والترمذی) حضرت عبد الرحمن بن عوف کی روایت میں حسب صراحت امام احمد حدیث مذکور کے یہ الفاظ ہیں کہ صدقہ سے مال میں کمی نہیں ہوتی۔ ایک حدیث ہم اوپر بیان کرچکے ہیں کہ روزانہ دو فرشتے اترتے ہیں ایک کہتا ہے الٰہی خیرات کرنے والے کو عوض عنا یت فرما۔۔۔ وَاللّٰهُ لَا يُحِبُّ : اور اللہ محبت نہیں کرتا یعنی نفرت کرتا ہے اللہ قیوم ہے اور قیومیت کا تقاضا ہے کہ اس کو اس عالم سے محبت ہو لیکن محبت نفرت (بغض) میں کسی عارض کی وجہ سے ہی بدل جاتی ہے اور ایسا عارض جو محبت کو نفرت سے بدل دینے کا سبب ہو صرف کفر ہے اسی لیے رسول اللہ نے فرمایا : کہ مخلوق اللہ کی عیال ہے جو اللہ کی عیال سے اچھا سلوک کرتا ہے وہی اس کو سب سے پیارا ہوتا ہے۔ (رواہ البیہقی فی شعب الایمان عن عبد اللہ ) كُلَّ كَفَّارٍ اَثِيْمٍ : ہر اس سخت کافر سے جو حرام کو حلال بنانے پر اڑا رہتا ہے اور گناہوں میں منہمک ہوتا ہے۔
Top