Tafseer-e-Madani - Al-An'aam : 44
فَلَمَّا نَسُوْا مَا ذُكِّرُوْا بِهٖ فَتَحْنَا عَلَیْهِمْ اَبْوَابَ كُلِّ شَیْءٍ١ؕ حَتّٰۤى اِذَا فَرِحُوْا بِمَاۤ اُوْتُوْۤا اَخَذْنٰهُمْ بَغْتَةً فَاِذَا هُمْ مُّبْلِسُوْنَ
فَلَمَّا : پھر جب نَسُوْا : وہ بھول گئے مَا ذُكِّرُوْا : جو نصیحت کی گئی بِهٖ : اس کے ساتھ فَتَحْنَا : تو ہم نے کھول دئیے عَلَيْهِمْ : ان پر اَبْوَابَ : دروازے كُلِّ شَيْءٍ : ہر چیز حَتّٰى : یہانتک کہ اِذَا : جب فَرِحُوْا : خوش ہوگئے بِمَآ : اس سے جو اُوْتُوْٓا : انہیں دی گئی اَخَذْنٰهُمْ : ہم نے پکڑا ان کو بَغْتَةً : اچانک فَاِذَا : پس اس وقت هُمْ : وہ مُّبْلِسُوْنَ : مایوس رہ گئے
پھر جب بھلا (کر پس پشت ڈال) دیا انہوں نے اس نصیحت کو جو ان کو کی گئی تھی، تو ہم نے ان پر کھول دیئے دروازے ہر چیز کے، یہاں تک کہ جب وہ خوب مگن ہوگئے، ان چیزوں میں جو ان کو دی گئی تھیں، تو ہم نے اچانک ان کو ایسا پکڑا کہ کٹ کر رہ گئیں ان کی سب امیدیں،
69 تمردو سرکشی کا نتیجہ وانجام ہولناک تباہی ۔ والعیاذ باللہ : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ تمردو سرکشی کا نتیجہ وانجام ہولناک تباہی ہے۔ اور یہ کہ معاصی وذنوب پر دنیاوی نعمتوں کا ملنا ہولناک عذاب کا پیش خیمہ ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ جب ایسے بدبختوں نے نصیحتِ حق کو بھلا کر پس پشت ڈال دیا تو ہم نے ان پر ہر چیز کے دروازے کھول دیے۔ یعنی ہر قسم کی نعمت کے دروازے تاکہ ان کا جرم اور سخت ہوجائے۔ اور ان کا پھوڑا پوری طرح پک کر آخری آپریشن کے قابل ہوجائے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو معلوم ہوا کہ معاصی وذنوب پر دنیا اور اس کی نعمتوں کا ملنا خیر کی علامت نہیں، بلکہ خطرے کی گھنٹی ہے، کہ یہ درحقیقت استدراج ہوتا ہے جو انسان کو دائمی تباہی کی طرف لے جاتا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ چناچہ مسند امام احمد وغیرہ میں حضرت عقبہ بن عامر ؓ سے مروی ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب تم دیکھو کہ اللہ تعالیٰ کسی کو اس کے گناہوں کے باوجود دنیا دے رہا ہے تو سمجھو کہ یہ محض استدراج ہے۔ پھر آپ ﷺ نے یہی آیت کریمہ تلاوت فرمائی۔ (مسند امام احمد : ج 4 ص 145 طبع الحلبی) ۔ اور ایسے ہی حضرت حسن بصری وغیرہ علمائے کرام نے فرمایا ہے۔ (محاسن، ابن کثیر وغیرہ) ۔ سو جب معاصی وذنوب کے ارتکاب کے باوجود دنیا ملنے لگے تو اس سے خوش ہونے کی بجائے فوراً توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ کی فکر کرنی چاہیئے ۔ وَبِاللّٰہِ التَّوْفِیْقُ لِمَا یُحِبُّ وَیُرِیْدٗ ۔ اللہ نفس و شیطان کے ہر شر سے ہمیشہ محفوظ رکھے ۔ آمین۔
Top