Tafseer-e-Madani - Al-An'aam : 43
فَلَوْ لَاۤ اِذْ جَآءَهُمْ بَاْسُنَا تَضَرَّعُوْا وَ لٰكِنْ قَسَتْ قُلُوْبُهُمْ وَ زَیَّنَ لَهُمُ الشَّیْطٰنُ مَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ
فَلَوْلَآ : پھر کیوں نہ اِذْ : جب جَآءَهُمْ : آیا ان پر بَاْسُنَا : ہمارا عذاب تَضَرَّعُوْا : وہ گڑگڑائے وَلٰكِنْ : اور لیکن قَسَتْ : سخت ہوگئے قُلُوْبُهُمْ : دل ان کے وَزَيَّنَ : آراستہ کر دکھایا لَهُمُ : ان کو الشَّيْطٰنُ : شیطان مَا : جو كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ : وہ کرتے تھے
پھر ایسے کیوں نہ ہوا کہ وہ جھک جاتے (اپنے رب کے حضور، اور عاجزی کرتے) جب کہ آپہنچا تھا ان کے پاس ہمارا عذاب مگر سخت ہوگئے ان کے دل، اور خوشنما بنادیئے شیطان نے ان کے لئے ان کے وہی کام جو وہ کرتے آ رہے تھے2
68 قسوت قلب بیماریوں کی بیماری ۔ والعیاذ باللہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ سخت ہوگئے ان کے دل۔ سو قسوت قلب [ دل کی سختی ] ہی ان کا وہ اصل روگ تھا جس نے ان کا بیڑا غرق کردیا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ کہ اس سے حق و ہدایت اور وعظ و نصیحت کی بات ایسوں کے دلوں میں اثر ہی نہیں کرتی اور ایسے لوگوں کے دل پتھر بن جاتے ہیں۔ بلکہ اس سے بھی کہیں بڑھ کر سخت ہوجاتے ہیں۔ سو قسوت قلوب یعنی دلوں کی سختی بیماریوں کی بیماری اور محرومیوں کی محرومی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف ایسے لوگوں نے جب ان خدائی تنبیہات کی پروا نہ کی اور ان کے دل ان سے نرم پڑنے کی بجائے اور سخت ہوگئے اور جن بد اعمالیوں میں وہ لوگ لگے ہوئے تھے انہی میں مست و مگن رہے اور شیطان نے ان کے ان برے کاموں کو ان کی نگاہوں میں کھبا دیا تو بالآخر وہ اپنے انجام کو پہنچ کر رہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ اللہ قسوت قلب کے ہر شائبے سے محفوظ رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top