Tafseer-e-Madani - Al-An'aam : 127
لَهُمْ دَارُ السَّلٰمِ عِنْدَ رَبِّهِمْ وَ هُوَ وَلِیُّهُمْ بِمَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ
لَهُمْ : ان کے لیے دَارُ السَّلٰمِ : سلامتی کا گھر عِنْدَ : پاس۔ ہاں رَبِّهِمْ : ان کا رب وَهُوَ : اور وہ وَلِيُّهُمْ : دوستدار۔ کارساز بِمَا : اسکا صلہ جو كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ : وہ کرتے تھے
ان کے سلامتی کا وہ عظیم الشان اور بےمثال گھر ہے ان کے رب کے یہاں، اور وہی ان کا کارساز و مددگار ہے ان کے ان کاموں کے باعث جو وہ کرتے رہے تھے (زندگی بھر)
251 ایمان والوں کے لیے دار السلام سے سرفرازی کی خوشخبری : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ حق کو ماننے اور اپنانے والوں کیلئے دارالسلام کی خوشخبری ہے۔ یعنی سلامتی کے اس گھر سے سرفرازی کی جہاں ہر طرح کی اور ہر طرف سلامتی ہی سلامتی کا دور دورہ ہوگا۔ جہاں ۔ { اِلَّا قِیْلاً سَلامًا سَلامًا } ۔ کی صدائیں ہوں گی جہاں ۔ { سَلامٌ قَوْلاً مِّنْ رَّبٍّ رَّحِیْمٍ } ۔ کا شرف عظیم اور اعزاز بےمثل نصیب ہوگا۔ جہاں فرشتوں کی نوری مخلوق کی طرف سے ۔ { سَلاَمٌ عَلَیْکُم بِمَا صَبَرُتُمْ } ۔ کے کلمات کریمہ سے استقبال کیا جائے گا ۔ مالک الملک اپنے کرم سے اس گھر میں داخل ہونا نصیب فرما دے اس بندہ ناچیز کو بھی، اس کے والدین مرحومین کو بھی، اس کی بیوی بچوں، بہنوں، بھائیوں اور دوسرے تمام رشتہ داروں اور تعلق داروں کو بھی ۔ آمین ثم آمین ۔ یَا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ ۔ فَمَغْفِرَتُکَ اَوْسَعُ مِِنْ ذُنُوْبِنَا وَرَحْمَتُکَ اَرْجٰی عِنْدَنَا مِنْ اَعْمَالِنَا یَا ذَا الْجَلالِ وَالاِکْرَامِ ۔ سو نصیحت کو ماننے اور حق کو قبول کرنے والوں کیلئے ایسی عظیم الشان بشارت اور دارالسلام (سلامتی والے گھر) سے مشرف ہونے کے اس مژدئہ جانفزا کا انعام ہے۔ پس قول حق و ہدایت کو سننا اور ماننا دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفرازی کی اصل اور اساس ہے۔ اور اس سے اعراض و انکار محرومیوں کی محرومی ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف اس ارشاد سے ان خوش نصیبوں کا صلہ و بدلہ بیان فرما دیا گیا جن کے سینے اللہ تعالیٰ اسلام کے لئے کھول دیتا ہے اور وہ صدق دل اور سچی نیت سے اس کو اپناتے ہیں۔ سو فرمایا گیا کہ ان کے لئے سلامتی کا وہ گھر ہوگا جس میں ان کو ہر طرح کا سکھ اور چین نصیب ہوگا اور ان کا ساتھی اللہ ہوگا، جبکہ معاندین و منکرین کے لئے ذلت کا گھر ہوگا اور ان کے ساتھی وہ شیاطین انس و جن ہوں گے جن کے القائے شیطانی کی بناء پر یہ گمراہ ہوئے تھے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top