Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 11
بَلْ كَذَّبُوْا بِالسَّاعَةِ١۫ وَ اَعْتَدْنَا لِمَنْ كَذَّبَ بِالسَّاعَةِ سَعِیْرًاۚ
بَلْ : بلکہ كَذَّبُوْا : انہوں نے جھٹلایا بِالسَّاعَةِ : قیامت کو وَاَعْتَدْنَا : اور ہم نے تیار کیا لِمَنْ كَذَّبَ : اس کے لیے جس نے جھٹلایا بِالسَّاعَةِ : قیامت کو سَعِيْرًا : دوزخ
اور پھر ان لوگوں کا ایسے کہنا بھی کوئی طلب حق کے لیے نہیں بلکہ یہ لوگ تو جھٹلا چکے ہیں قیامت کو پوری ہٹ دھرمی سے اور جو کوئی قیامت کو جھٹلائے گا اس کے لیے ہم نے تیار کر رکھی ہے ایک بڑی ہی ہولناک اور دہکتی بھڑکتی آگ،
13 منکرین کا انجام دوزخ کی ہولناک آگ ۔ والعیاذ باللہ : سو اس سے تصریح فرما دی گئی کہ منکرین و مکذبین قیامت کے لیے دوزخ کی دہکتی بھڑکتی آگ تیار ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ " قیامت کو جھٹلانے والوں کیلئے ہم نے دوزخ کی دہکتی بھڑکتی ہولناک آگ تیار کر رکھی ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ یعنی اصل بات یہ نہیں کہ یہ لوگ فی الواقع ایمان لانے کے لئے ایسے مطالبے کرتے ہیں۔ نہیں یہ تو محض ان لوگوں کے حیلے بہانے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ یہ لوگ آخرت اور وہاں کی سزا و جزا کے تصور ہی کے منکر ہیں۔ ان کے سامنے تو بس یہی دنیا اور اس کی یہ عارضی اور فانی لذتیں ہی سب کچھ ہیں۔ یہ انہی کے لئے جیتے اور انہی کیلئے مرتے ہیں۔ اور ان کو اس کا پتہ نہیں کہ ہم نے ہر اس شخص کے لئے جو قیامت اور آخرت کا منکر ہوگادوزخ کی ایسی دہکتی بھڑکتی ہولناک آگ تیار کر رکھی ہے جو اپنے اندر پڑنے والے ایسے دوزخیوں کو دور سے دیکھتے ہی چیخنے اور چنگھاڑنے لگے گی۔ اور جس کے غیظ و غضب اور جوش و خروش کی ایسی ہولناک آواز سنتے ہی بڑے بڑے شیر دلوں کے پتے پانی ہوجائیں گے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو قیامت اور آخرت کی تکذیب دراصل دارین کی ہلاکت و تباہی ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ کہ اس سے انسان غیر سنجیدہ، لاپرواہ اور بےفکر ہو کر اپنی متاع عمر کو دنیاوی مشاغل اور وقتی منافع کے پیچھے یونہی ضائع کردیتا ہے جو کہ خساروں کا خسارہ ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ کہ یہ ایسا خسارہ ہے جس کی پھر تدارک و تلافی کی کوئی صورت ممکن نہ ہوگی۔ سو کتنے محروم اور کس قدر بدبخت ہیں وہ لوگ جو اس سب کے باوجود اس ہولناک خسارے کی طرف بڑھتے چلے جا رہے ہیں اور وہ کسی ناصح کی نصیحت کو سننے ماننے کے لیے تیار ہی نہیں ہوتے۔ بلکہ الٹا اپنے ایسے خیر خواہوں کے دشمن بنے ہوئے ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top