Urwatul-Wusqaa - Al-An'aam : 9
وَ لَوْ جَعَلْنٰهُ مَلَكًا لَّجَعَلْنٰهُ رَجُلًا وَّ لَلَبَسْنَا عَلَیْهِمْ مَّا یَلْبِسُوْنَ
وَلَوْ : اور اگر جَعَلْنٰهُ : ہم اسے بناتے مَلَكًا : فرشتہ لَّجَعَلْنٰهُ : تو ہم اسے بناتے رَجُلًا : آدمی وَّلَلَبَسْنَا : ہم شبہ ڈالتے عَلَيْهِمْ : ان پر مَّا يَلْبِسُوْنَ : جو وہ شبہ کرتے ہیں
اور اگر ہم کسی فرشتے کو پیغمبر کرتے تو اسے بھی انسان ہی بناتے اور جیسے کچھ شبہات یہ اب کر رہے ہیں ویسے ہی شبہوں میں انہیں ڈال دیتے
اگر ہم کسی فرشتے کو رسول بنا کر بھیج دیتے تو کیا پھر وہ اس کو رسول مان لیتے ؟ : 16: فرشتہ کیا ہے ؟ قدرت الٰہی کا ایک نشان اور طاقت جس کو ” ملک “ کے لفظ سے یاد کیا گیا ہے ۔ کیا وہ نظر آنے والی چیز ہے ؟ قوت کا اپنا کوئی وجود جس سے وہ نظر آئے ممکن نہیں بلکہ اس کو دیکھنے کے لئے کوئی وجود عطا کرنا پڑتا ہے۔ وہ خیالی ہو یا مثالی یا اس کا جو نام بھی رکھ لیں ۔ فرمایا ” اگر ہم کسی فرشتے کو پیغمبر کردیتے تو اسے بھی انسان ہی بناتے۔ “ یعنی وہ کسی انسان ہی کی شکل میں نظر آتا کیوں ؟ اس لئے کہ اس کو انسانوں کی طرف بھیجا جانا تھا اور پھر انسانوں میں سے خاص کر مرد کی صفت سے اس کا تعلق ہوتا تو اس کا نتیجہ کیا نکلتا یہی کہ ” جیسے کچھ شبہات یہ اب کر رہے ہیں ویسے ہی شبہوں میں اس وقت بھی وہ مبتلا ہوتے۔ “ کیوں ؟ اس لئے کہ وہ تو اس کو انسان ہی کی شکل میں دیکھتے پھر وہ کیا چیز تھی جس سے وہ بار کرلیتے کہ وہ ہے فرشتہ لیکن اس کو صرف وجود انسان کا عطا کیا گیا ہے۔ اس وقت وہ یہ اعتراض کر رہے ہیں لیکن اگر ایسا بنا دیا جاتا تو اس کی شکل و صورت انسان کی ہوتی تو ان کے کرنے کے سوال اور بہت سے تھے وہ کوئی نیا سوال کرلیتے۔ ایک چیز کو جب تسلیم نہ کرنے کی ٹھان لی جائے تو آخر وہ کونسی بات ہے جو اس کو تسلیم کرنے پر مجبور کردے دے اور پھر اگر وہ مجبور ہو بھی جائے تو وہ تسلیم کرنا کیا تسلیم کرنا ہوا جو کسی مجبوری کے تحت تسلیم کیا گیا ہو اس کا نام تو منافقت ہو سکتا ہے اسلام نہیں۔ اسلام تو وہی ہے جو دل کی گہرائیوں سے تسلیم کیا جائے اور اس میں کوئی مجبوری حائل نہ ہو۔ اس طرح کی باتیں بنا کر دراصل یہ لوگ آپ ﷺ کا مذاق اڑا رہے ہیں اور نہ آپ ﷺ پہلے رسول ہیں اور نہ ہی یہ پہلے جھٹلانے والے اور اس طرح کے مذاق اڑانے والے ، وہ وقت یقیناً آئے گا کہ یہ خود مذاق ہو کر رہ جائیں گے اور ان کا یہ نشہ اترتے ذرا بھی دیر نہیں لگے جس نشہ نے انکو اس قدر مخمور کر رکھا ہے کہ یہ اس طرح کی اٹکھیلیوں پر اتر آئے ہیں۔
Top