Tafseer-e-Madani - Al-An'aam : 13
وَ لَهٗ مَا سَكَنَ فِی الَّیْلِ وَ النَّهَارِ١ؕ وَ هُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ
وَلَهٗ : اور اس کے لیے مَا : جو سَكَنَ : بستا ہے فِي : میں الَّيْلِ : رات وَالنَّهَارِ : اور دن وَهُوَ : اور وہ السَّمِيْعُ : سننے والا الْعَلِيْمُ : جاننے والا
اور اسی (وحدہ لاشریک) کا ہے وہ سب کچھ جو کہ ساکن ہوتا ہے رات (کے اندھیرے) میں، اور (جو متحرک ہوتا ہے) دن (کے اجالے) میں اور وہی ہے ہر کسی کی سنتا، سب کچھ جانتا
21 کائنات میں جو کچھ ہے وہ سب اللہ ہی کا ہے : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اسی کا ہے وہ سب کچھ جو کہ ساکت ہوتا ہے رات کے اندھیروں میں اور جو متحرک ہوتا ہے دن کے اجالے میں۔ اور وہی ہے ہر کسی کی سنتا سب کچھ جانتا۔ سو یہاں پر ضدین میں سے ایک پر اکتفاء کرتے ہوئے دوسرے کو ذکر نہیں فرمایا گیا۔ لیکن معنیٰ میں وہ بہرحال مراد ہے۔ (جامع، محاسن، جواہر وغیرہ) ۔ اور یہ بلاغت وبیان کا ایک عظیم اسلوب ہے۔ ہم نے اپنے ترجمے میں اسی کو واضح اور ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے ۔ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ ۔ بہرکیف اس سے واضح فرما دیا گیا کہ اس کائنات ہست و بود میں جو بھی کچھ ہے وہ سب اللہ ہی کا ہے کہ اس سب کا خالق ومالک بھی وہی وحدہٗ لاشریک ہے اور اس سب میں حکم و تصرف بھی اسی کا اور صرف اسی کا چلتا ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ سو ایسے میں وہ لوگ جو اس وحدہ لاشریک کے ساتھ کفر و شرک کرتے ہیں وہ ظالم ہونے کے ساتھ ساتھ عقل و فطرت اور ان کے تقاضوں کے بھی دشمن ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف ارشاد فرمایا گیا کہ اسی کا ہے وہ سب کچھ جو کہ ساکن ہوتا ہے رات کے گھٹاٹوپ اندھیروں میں اور جو کچھ کہ متحرک ہوتا ہے دن کے اجالوں میں۔ اور وہی ہے جو ہر کسی کی سنتا اور سب کچھ جانتا ہے ۔ سبحانہ وتعالیٰ -
Top