Kashf-ur-Rahman - Al-Baqara : 250
وَ لَمَّا بَرَزُوْا لِجَالُوْتَ وَ جُنُوْدِهٖ قَالُوْا رَبَّنَاۤ اَفْرِغْ عَلَیْنَا صَبْرًا وَّ ثَبِّتْ اَقْدَامَنَا وَ انْصُرْنَا عَلَى الْقَوْمِ الْكٰفِرِیْنَؕ
وَلَمَّا : اور جب بَرَزُوْا : آمنے سامنے لِجَالُوْتَ : جالوت کے وَجُنُوْدِهٖ : اور اس کا لشکر قَالُوْا : انہوں نے کہا رَبَّنَآ : اے ہمارے رب اَفْرِغْ : ڈال دے عَلَيْنَا : ہم پر صَبْرًا : صبر وَّثَبِّتْ : اور جمادے اَقْدَامَنَا : ہمارے قدم وَانْصُرْنَا : اور ہماری مدد کر عَلَي : پر الْقَوْمِ : قوم الْكٰفِرِيْنَ : کافر (جمع)
اور جب وہ لوگ جالوت اور اس کی فوجوں کے سامنے تو انہوں نے خدا کی جناب میں عرض کی اے ہمارے پروردگار جتنا صبر ہے سب ہم پر انڈیل دے اور ہم کو ثابت قدم رکھ اور اس کا فرقوم پر غالب کرنے میں ہماری مدد فرما1
1 اور جب طالوت اور اس کے ساتھی مسلمان جالوت اور اس کی فوجوں کے بالمقابل کھلے میدان میں نکل کر آئے تو حضرت حق کی جناب میں دعا کرنے لگے اور انہوں نے کہا اے ہمارے پروردگار ہم پر صبر و استقلال انڈیل دے اور ہمارے قدم جمائے رکھ اور ہم کو ثابت قدم رکھ اور ا س کا فرقوم پر ہم کو غالب کر اور ہماری مدد فرما ۔ براز زمین کے کھلے میدان کو کہتے ہیں اور جو چیز کھلے میدان میں ہوتی ہے وہ نمایاں اور ظاہر ہوتی ہے اس لئے بزار کا ترجمہ ظہور کرتے ہیں ظاہر ہوئے سامنے آئے۔ مطلب یہ ہے کہ میدان جنگ میں نکل کر سامنے آئے۔ افراغ کے معنی میں انڈیلنا ، اردو میں بولا کرتے ہیں ے۔ ساری مشک انڈیل دو ، صراحی میں جو کچھ ہے سب انڈیل دو ۔ یہاں صبر کے طلب کرنے میں مبالغہ ہے یعنی ہمارے قلوب پر جتنا صبر ہو سب ۔۔۔ ڈال دے آخری ٹکڑے کا مطلب یہ ہے کہ اپنے قہر کے ساتھ ہماری مدد فرما یعنی ان کافروں پر غالب کر دے۔ دعا کے الفاظ میں بہترین ترتیب ہے اور صبر و استقلال کی طلب ہے کہ ہمارے قلب پر بکثرت صبر نازل فرما صبر سے ثبات قدم حاصل ہوتا ہے پھر اس کی دعا کی اور آخر میں صبر و استقامت جو غلبہ کا موجب ہے اس غلبہ اور فتح کی دعا کی ۔ اور دعا کے الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ قلت تعداد کی وجہ سے انتہائی اضطراب تھا ۔ کہاں تین سو تیرہ اور کہاں جالوت کی فوج لیکن پھر بھی ان لوگوں کی ہمت کو شابات ہے کہ انہوں نے صبر و استقلال کا دامن نہیں چھوڑا اور جناب باری کی درگاہ میں التجا کی اور عاجزانہ درخواست کی آگے اللہ تعالیٰ ان کی فتح و کامرانی کا تذکرہ فرماتا ہے اور اسلامی جہاد کا فلسفہ اور جنگ کی حکمت بیان فرماتا ہے۔ (تسہیل)
Top