Tadabbur-e-Quran - Al-Waaqia : 3
خَافِضَةٌ رَّافِعَةٌۙ
خَافِضَةٌ : پست کرنے والی ہے رَّافِعَةٌ : اونچا کرنے والی ہے
وہ پست کرنے والی اور بلند کرنے والی ہوگی۔
(خافضۃ رافعۃ) (3)۔ (قیامت میں عزت کا معیار ایمان ہوگا)۔ یعنی اس وہم میں نہ رہو کہ تم کو جو سر بلندی آج حاصل ہے وہ ہمیشہ حاصل رہے گی اور جن کو حقیر و مبتذل گمان کر رہے ہو وہ اسی طرح حقیر و پست حال رہیں گے بلکہ جب وہ واقع ہونے والی واقع ہوگی تو یہ آسمان و زمین نئے نوامیس و قوانین کے ساتھ نمودار ہوں گے۔ آج عزت و شرف کے جو معیارات ہیں وہ یک قلم تبدیل ہوجائیں گے۔ اس دن تمام عزت و سرفرازی ایمان و عمل صالح کو حاصل ہوگی۔ وہ لوگ سربلند و سرفراز ہوں گے جن کے پاس ایمان و عمل صالح کا سرمایہ ہوگا اور وہ پست و ذلیل ہوں گے جو اس دولت سے محروم اٹھیں گے۔ یہاں بات اجمال کے ساتھ فرمائی ہے۔ آگے آیت 7 سے اس خفض و رفع کی تفصیل آرہی ہے۔ اس سے واضح ہوجائے گا کہ اس کے لیے کسوٹی کیا ہوگی۔
Top