Tadabbur-e-Quran - Al-Waaqia : 4
اِذَا رُجَّتِ الْاَرْضُ رَجًّاۙ
اِذَا رُجَّتِ الْاَرْضُ : جب ہلائی جائے گی زمین رَجًّا : ہلایا جانا
جب کہ زمین بالکل جھنجھوڑ دی جائے گی
(اذا رجت الارض رجا و بست الجبال بسا فکانت ھبا منبثا) (4۔ 6) (قیامت کے دن کی ہلچل)۔ یہ اس قیامت کی تصویر ہے کہ اس دن زمین بالکل ہلا دی جائے گی اور یہ اونچے اونچے پہاڑ جن کو نادان لوگ غیر فانی اور غیر متزلزل گمان کیے بیٹھے ہیں۔ غبار کی طرح پراگندہ ہوجائیں گے۔ اس سے معلوم ہوا کہ اس دن اس زمین کی ساری ہی بلندیاں پست کردی جائیں گی۔ ایک ایسا زلزلہ آئے گا جو پوری زمین کو جھنجھوڑ کر اس کے تمام ایوانوں اور محلوں کو زمین بوس کر دے گا یہاں تک کہ یہ فلک بوس پہاڑ بھی غبار بن کر فضا میں اڑنے لگیں گے۔ یہی مضمون سورة حاتہ میں یوں بیان ہوا ہے (۔۔۔ الحاقۃ 69۔ 14۔ 15) (اور اس دن زمین اور پہاڑ دونوں اٹھا کر بیک دفعہ پاش پاش کردیئے جائیں گے، پس اس دن واقع ہونے والی واقع ہوجائے گی)
Top