Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 52
فَلَا تُطِعِ الْكٰفِرِیْنَ وَ جَاهِدْهُمْ بِهٖ جِهَادًا كَبِیْرًا
فَلَا تُطِعِ : پس نہ کہا مانیں آپ الْكٰفِرِيْنَ : کافروں وَجَاهِدْهُمْ : اور جہاد کریں ان سے بِهٖ : اس کے ساتھ جِهَادًا كَبِيْرًا : بڑا جہاد
پس کبھی کافروں کا کہنا نہیں ماننا اور ان سے جہاد کرو اس قرآن کے ذریعے بہت بڑا جہاد
64 قرآن کے ذریعے جہاد کبیر کا حکم وارشاد : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " ان سے جہاد کرو اس قرآن کے ذریعے بڑا جہاد "۔ یعنی قرآن حکیم کے احکام و مضامین کی تبلیغ وتعلیم کے ضمن میں اپنے بس کی حد تک جہاں تک ممکن ہو سکے کوشش کرتے جائیے اور اس راہ میں جو رکاوٹیں اور مشکلات پیش آئیں انہیں عزم و استقامت اور خندہ پیشانی سے برداشت کرتے جائیے کہ حق و صداقت اور کامیابی و نجات اور دارین کی فوز و فلاح کی راہ بہرحال یہی اور صرف یہی راہ ہے۔ اور یہ لوگ محض آپ کو زچ کرنے کیلئے نت نئے اور طرح طرح کے مطالبات پیش کرتے ہیں۔ ان کی آپ کوئی پرواہ نہ کریں بلکہ ان کے مقابلے میں قرآن حکیم کے اسی عظیم الشان اور مقدس ہتھیار کے ذریعے لگاتار جہاد کرتے رہیں۔ اور یہ جہاد ہرچند کہ ہے بڑا کٹھن اور صبر آزما جہاد لیکن آپ ﷺ اس قرآن حکیم کے ذریعے اس میں لگے رہیں۔ تاکہ ان پر اللہ کی حجت اچھی طرح پوری ہوجائے۔ اور جس کے اندر کوئی ادنی رمق بھی قبول حق کیلئے موجود ہو وہ حق کو قبول کرلے اور کسی کیلئے بھی اللہ تعالیٰ کے یہاں کوئی عذر باقی نہ رہ جائے۔ سو یہ جہاد جہاد کبیر بہت بڑا جہاد ہے ۔ اللہ نصیب فرمائے اور زندگی کا ہر لمحہ اپنی رضا و خوشنودی کے لیے صرف کرنے کی توفیق بخشے اور اس کو اپنی بارگہ میں قبول فرما لے ۔ آمین ثم آمین۔
Top