Urwatul-Wusqaa - Al-Furqaan : 28
یٰوَیْلَتٰى لَیْتَنِیْ لَمْ اَتَّخِذْ فُلَانًا خَلِیْلًا
يٰوَيْلَتٰى : ہائے میری شامت لَيْتَنِيْ : کاش میں لَمْ اَتَّخِذْ : نہ بناتا فُلَانًا : فلاں کو خَلِيْلًا : دوست
ہائے ہائے بدنصیبی ! افسوس میں نے فلاں کو دوست نہ بنایا ہوتا
افسوس مجھ پر ! کہ میں نے فلاں کو دوست نہ بنایا ہوتا : 28۔ گویا یہ اس غصہ سے ہاتھ کانٹے کی اصل وجہ بیان کی جا رہی ہے کہ جہاں آخرت میں انسان کو یہ قلق ہوگا کہ کاش ! میں نے رسول اللہ ﷺ کا راستہ اپنایا ہوتا وہاں اس کو اس کا قلق بھی ہوگا کہ اس نے رسول اللہ ﷺ کے راستہ سے ہٹ کر فلاں کا راستہ کیوں اختیار کیا ۔ جلدی نہ کرو ذرا ٹھہر جاؤ ‘ ذرا رک جاؤ آج مسلمانوں میں جتنے مکاتب ہائے فکر موجود ہیں یہ اس لفظ فلاں میں آتے ہیں یا نہیں غور کرو کہ یہ چار چار پانچ پانچ اور بارہ بارہ کی تقسیم کہاں سے آئی ؟ کیا یہ سب نام ہی نام نہیں ہیں ؟ ذرا مزید نیچے اتر کر دیکھو کہ ہر خاندان اور برادری کی یہ نسبتیں جو دین کے نام پر بنائی جا چکی ہیں کیا ہیں ؟ یہ سجادہ نشین اور گدی نشین اور صاحب زادگیاں ناموں ہی کے ساتھ معروف نہیں ہیں یہ جتنے سلسلے ہم میں پائے جاتے ہیں یہ کہاں سے آئے ہیں اور ان کا شرعی جواز آخر کیا ہے ؟ یہ جو رسول اللہ ﷺ نے ایک خط مستقم اپنے ہاتھ سے کھینچ کر اس خط کے دائیں بائیں خط کھینچے تھے یہ کیا درس دیتے ہیں ۔ ہاں ! ہاں ! غور کرو کہیں یہ وہی بات تو نہیں جس کا خطرہ آپ ﷺ نے محسوس کیا تھا ۔ آپ ﷺ اللہ کے رسول تھے اور آپ ﷺ کی فراست نبوت نے جس کام سے ہم کو روکا تھا ہم کہیں وہی کام تو نہیں کر رہے ہیں ؟ کیا اسلام کے اندر یہ کوئی ایسی سازش تو نہیں جو ہمیں اندر ہی اندر تباہ وبرباد کئے جا رہی ہو ؟ کیا ایسا تو نہیں کہ آج ہماری اس سازش کے تحت آنکھیں بند کرکے رکھ دی گئی ہوں اور ہمیں کچھ دکھائی نہ دے رہا ہو ؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ اس کے باعث ہماری قومی زندگی زندہ قوموں کی سی ہے یا مردہ قوموں کی سی ؟ اچھا غور کر کے آپ جس نتیجہ پر پہنچیں ہم کو بھی مطلع کردیں اور اس سلسلہ میں جو قدم آپ نے اٹھایا ہے وہ بھی بتا دیں ۔
Top