Ruh-ul-Quran - Al-Waaqia : 4
اِذَا رُجَّتِ الْاَرْضُ رَجًّاۙ
اِذَا رُجَّتِ الْاَرْضُ : جب ہلائی جائے گی زمین رَجًّا : ہلایا جانا
جبکہ زمین یکبارگی ہلا دی جائے گی
اِذَا رُجَّتِ الْاَرْضُ رَجًّا۔ وَّبُسَّتِ الْجِبَالُ بَسًّا۔ فَـکَانَتْ ھَبَـآئً مُّنْبَثًّا۔ (الواقعۃ : 4 تا 6) (جبکہ زمین یکبارگی ہلا دی جائے گی۔ اور پہاڑ ریزہ ریزہ کردیئے جائیں گے۔ پس وہ پراگندہ غبار بن کر رہ جائیں گے۔ ) قیامت کے پہلے مرحلے کی تصویر یہ قیامت کے پہلے مرحلے کی تصویر ہے کہ اس وقت ساری زمین یکبارگی ہلا دی جائے گی۔ یہ کوئی مقامی زلزلہ نہیں ہوگا جو کسی محدود علاقے میں آتا ہے بلکہ قیامت کا وقوع پوری زمین پر ہوگا۔ اور اس کو اس طرح ہلایا جائے گا کہ اونچے اونچے پہاڑ جنھیں لوگ غیرفانی اور غیرمتزلزل گمان کیے بیٹھے ہیں، ریزہ ریزہ ہو کر غبار کی طرح اڑتے پھریں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ زمین کی ساری بلندیاں پست کردی جائیں گی۔ تمام ایوان اور محلوں کو زمین بوس کردیا جائے گا۔ اسی مضمون کو سورة الحاقۃ میں اس طرح بیان کیا گیا ہے وَحُمِلَتِ الْاَرْضُ وَالْجِبَالُ فَدُکَّتَا دَکَّۃً وَّاحِدَۃٌ۔ لا فَیُوْمَئِذً وَقَعَتِ الْوَاقِعَۃُ ۔ ” اور اس دن زمین اور پہاڑ دونوں اٹھا کر بیک دفعہ پاش پاش کردیئے جائیں گے۔ پس اس دن واقع ہونے والی واقع ہوجائے گی۔ “
Top