Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 9
اُنْظُرْ كَیْفَ ضَرَبُوْا لَكَ الْاَمْثَالَ فَضَلُّوْا فَلَا یَسْتَطِیْعُوْنَ سَبِیْلًا۠   ۧ
اُنْظُرْ : دیکھو كَيْفَ : کیسی ضَرَبُوْا : انہوں نے بیان کیں لَكَ : تمہارے لیے الْاَمْثَالَ : مثالیں (باتیں) فَضَلُّوْا : سو وہ بہک گئے فَلَا : لہٰذا نہ يَسْتَطِيْعُوْنَ : پاسکتے ہیں سَبِيْلًا : کوئی راستہ
ذرا دیکھو تو سہی کہ ان لوگوں نے آپ کے لیے اے پیغمبر ! کیسی کیسی مثالیں گھڑیں، سو اس کے نتیجے میں یہ لوگ ایسے بھٹکے کہ ان کو کوئی راستہ ہی نہیں سوجھتا۔1
11 نور حق و ہدایت سے محرومی سب سے بڑی محرومی ۔ والعیاذ باللہ : سو نور حق و ہدایت سے محرومی ایسی ہولناک محرومی ہے کہ یہ انسانوں کو اندھا اور اوندھا کردیتی ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو نور حق سے محرومی کے بعد ایسے لوگ کبھی پیغمبر کو ساحر کہتے ہیں کبھی مسحور۔ کبھی کاہن کبھی مجنون۔ کبھی کچھ کبھی کچھ۔ سو یہ خود ان لوگوں کے مخبوط الحواس ہونے کی کھلی دلیل ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ اور اپنی اس خبط الحواسی کے باوجود یہ لوگ دوسروں کو بھی پیغمبر کی اتباع اور پیروی سے روکتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ اس طرح کرکے تم لوگ ایک ایسے شخص کی پیروی کرو گے جس پر کسی نے جادو کرکے اس کی عقل مار دی ہے۔ جس سے وہ ایسی بہکی بہکی باتیں کرتا ہے جو ہماری عقل میں آنے والی نہیں ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اور اس طرح یہ لوگ ستم در ستم اور ظلم بالائے ظلم کے مرتکب ہورہے ہیں اور اپنے اوپر ضلال کے ساتھ ساتھ اضلال کا بوجھ بھی لاد رہے ہیں۔ لیکن انکو اسکا احساس ہی نہیں کہ اس طرح یہ لوگ کس قدر ہولناک خسارے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ سو یہی نتیجہ ہوتا ہے نور حق و ہدایت سے محرومی کا کہ اس سے انسان کی مت مار دی جاتی ہے اور وہ اندھا اور اوندھا ہو کر رہ جاتا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top