Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 84
وَ اَنْتُمْ حِیْنَئِذٍ تَنْظُرُوْنَۙ
وَاَنْتُمْ : اور تم حِيْنَئِذٍ : اس وقت تَنْظُرُوْنَ : تم دیکھ رہے ہوتے ہو۔ تم آنکھوں دیکھتے ہو
اور تم اس وقت (پاس بیٹھے) دیکھ رہے ہوتے ہو ؟
[ 71] وقت نزع کی تذکیر و یاددہانی کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا اور نزع کے وقت انسان کی بےکسی اور بےبسی کی تصویر کا ذکر وبیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا کہ جب روح حلق کو پہنچ جاتی ہے اور اس وقت تم دیکھ رہے ہوتے ہو یعنی تم دیکھ رہے ہوتے ہو، جانکنی کے اس منظر اور موت کی اس سختی کو جس سے مرنے والا دوچار ہوتا ہے، مگر تم کچھ نہیں کرسکتے، حالانکہ وہ تمہارے سامنے ایڑیاں رگڑ رہا ہوتا ہے { والتفت الساق بالساق الیٰ ربک یومئذً ن المساق } اور ہمارے فرشتے تمہارے سامنے اس کی جان قبض کر رہے ہوتے ہیں، اور تم لوگ اس وقت عاجزی اور بےچارگی کی تصویر بنے اس کے پاس کھڑے ہوتے ہو، تو پھر تم لوگ کس طرح کس منہ سے، اور کس اساس و بنیاد پر کہتے ہو کہ ہمیں کوئی پوچھنے والا نہیں، اور ہم دنیا میں جو چاہیں کریں کوئی حساب کتاب ہونے والا نہیں وغیرہ وغیرہ، والعیاذ باللّٰہ العظیم، من کل زیغ و ضلال، سو تم لوگ خاتمہء حیات اور نزع کے اس وقت کو ہمیشہ یاد رکھو، اور اس کیلئے تیاری کرو، وباللّٰہ التوفیق لما یحب ویرید، بکل حال من الاحوال، سبحانہ وتعالیٰ ۔
Top