Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 34
وَّ فُرُشٍ مَّرْفُوْعَةٍؕ
وَّفُرُشٍ : اور نشست گاہیں مَّرْفُوْعَةٍ : اونچی
بلند (مرتبہ و شان کے) بچھونوں میں
[ 31] اہل جنت کی نشست گاہوں کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ وہ بلند مرتبہ بچھونوں پر ہوں گے۔ جو حسی طور پر بھی بلند وبالا ہوں گے، اور قدر ومنزلت کے اعتبار سے بھی اعلیٰ وارفع ہوں گے، چناچہ سننن ترمذی وغیرہ کی روایت کے مطابق ان کی بلندی ایسے ہوگی جیسے آسمان و زمین کے درمیان کی بلندی [ ابن کثیر، صفوۃ التفاسیر وغیرہ ] اور اس پر یہ سوال نہیں کیا جاسکتا کہ وہ اب بستروں سے استفادہ کس طرح کریں گے ؟ کیونکہ وہ ایک جہاں ہوگا جس کے قوانین و ضوابط الگ ہوں گے، اور وہاں کے وہ بستر ہی نہیں، بلکہ وہاں کی ہر چیز اہل جنت کے ارادہ اور ان کی مرضی کے تابع ہوگی۔ [ روح المعانی وغیرہ ] اور بعض حضرات اہل علم نے کہا ہے کہ یہاں فرش سے مراد مجازی طور پر جنت کی عورتیں ہیں، کہ وہ دنیا کی عورتوں کے مقابلے میں درجہ و مرتبہ اور مقام و شان کے اعتبار سے بہت بلند ہوں گی، کیونکہ عربی محا وہ میں عورتوں کو فرش اور لباس کے الفاظ سے تعبیر کیا جاتا ہے، سو جنت کی عورتیں اپنے حسن و جمال اور فضل و کمال کے اعتبار سے بہت بلند مقام پر ہوں گی، [ روح، خازن اور جامع البیان وغیرہ ] بہرکیف اس میں اہل جنت کے بچھونوں اور ان کی بیویوں کی عظمت شان کا ذکر فرمایا گیا ہے۔ اللہ نصیب فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین ،
Top