Kashf-ur-Rahman - Al-Furqaan : 20
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا قَبْلَكَ مِنَ الْمُرْسَلِیْنَ اِلَّاۤ اِنَّهُمْ لَیَاْكُلُوْنَ الطَّعَامَ وَ یَمْشُوْنَ فِی الْاَسْوَاقِ١ؕ وَ جَعَلْنَا بَعْضَكُمْ لِبَعْضٍ فِتْنَةً١ؕ اَتَصْبِرُوْنَ١ۚ وَ كَانَ رَبُّكَ بَصِیْرًا۠   ۧ
وَمَآ : اور نہیں اَرْسَلْنَا : بھیجے ہم نے قَبْلَكَ : تم سے پہلے مِنَ : سے الْمُرْسَلِيْنَ : رسول (جمع) اِلَّآ : مگر اِنَّهُمْ : وہ یقیناً لَيَاْكُلُوْنَ : البتہ کھاتے تھے الطَّعَامَ : کھانا وَيَمْشُوْنَ : اور چلتے پھرتے تھے فِي الْاَسْوَاقِ : بازاروں میں وَجَعَلْنَا : اور ہم نے کیا (بنایا) بَعْضَكُمْ : تم میں سے بعض کو (کسی کو) لِبَعْضٍ : بعض (دوسروں کے لیے) فِتْنَةً : آزمائش اَتَصْبِرُوْنَ : کیا تم صبرو کرو گے وَكَانَ : اور ہے رَبُّكَ : تمہارا رب بَصِيْرًا : دیکھنے والا
اور اے پیغمبر ہم نے آپ سے پہلے جتنے رسول بھیجے وہ سب کھانا بھی کھاتے تھے اور بازاروں میں بھی چلتے پھرتے تھے اور لوگو ! ہم نے تمہارے میں سے ہر ایک کو دوسرے کے لئے آزمائش بنایا ہے تو کیا تم صبر کا شیوہ اختیار کرو گے اور اے پیغمبر آپ کا رب سب کچھ دیکھ رہا ہے
(20) اور اے پیغمبر ہم نے آپ سے پہلے جتنے رسول بھی بھیجے ہیں وہ سب کھانا بھی کھاتے تھے اور بازاروں میں بھی چلتے پھرتے تھے اور ہم نے تمہارے میں سے ہر ایک کو دوسرے کے لئے آزمائش بنایا ہے دیکھیں تم ثابت رہتے ہو اور کیا تم صبر کا شیوہ اختیار کرو گے اور اے پیغمبر آپ کا پروردگار سب کچھ دیکھ رہا ہے ۔ یعنی رسول آخر بشر ہے اگر وہ اپنی ضروریات کو کھانا کھا کر اور بازار میں کسی ضرورت کے لئے جاتا ہے تو اس میں اعتراض اور شک کی کیا گنجائش ہے ان سے پہلے جس قدر بھی رسول تشریف لائے سب اپنی بھوک کو کھانا کھا کر رفع کرتے اور اپنی خانگی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بازار تشریف لے جاتے تھے۔ فرقان کے پہلے رکوع میں جو حضر کی پیغمبر ی پر شبہ تھا یہ اس کا جواب ہے پھر حضور کو تسلی دینے کی غرض سے فرمایا کہ تم اور تمہارے ساتھ مسلمان کفار کے ان طعن وتشنیع سے گھبرائیں نہیں اس عالم میں ہر شخص دوسرے کے لئے موجب آزمائش ہے مسلمان کافروں کے لئے اور کافر مسلمانوں کے لئے بیوی خاوند کے لئے اور خاوند بیوی کے لئے، ماں باپ اولاد کے لئے اولاد ماں باپ کے لئے، پیغمبر امت کے لئے، امت پیغمبر کے لئے ہر شخص اس دارالامتحان میں دوسرے کے لئے امتحان و آزمائش کا سبب بنا ہوا ہے اور مقصد یہ ہے کہ دیکھیں تم ثابت رہتے ہو یا نہیں اور صبر کرتے ہو یا نہیں زندگی کے اس امتحان و آزمائش میں پورے اترتے ہو یا نہیں اور آپ کا پروردگار خوب دیکھ رہا ہے وہ وقت مقرر ہ پر ہر شخص کو اس کے اعمال کا بدلہ دے گا۔ حضرت شاہ صاحب (رح) وجعلنا بعضکم لبعض فتنۃ پر فرماتے ہیں پیغمبر ہیں کافروں کا ایمان جانچنے کو اور کافر ہیں پیغمبر کا صبر جانچنے کو 12 آیت میں صبر و ثبات کی تاکید ہے اور تمام حالات سے باخبر ہونے میں بڑی تسلی ہے آیت کا چھوٹا سا ٹکڑا اتنا وسیع ہے کہ بہت کچھ لکھا جاسکتا ہے مگر ہمیں اختصار منظور ہے۔
Top