Al-Quran-al-Kareem - Al-Waaqia : 63
اَفَرَءَیْتُمْ مَّا تَحْرُثُوْنَؕ
اَفَرَءَيْتُمْ : کیا بھلا دیکھا تم نے۔ غور کیا تم نے مَّا تَحْرُثُوْنَ : جو بیج تم بوتے ہو
پھر کیا تم نے دیکھا جو کچھ تم بوتے ہو ؟
اَفَرَئَ یْتُمْ مَّا تَحْرُثُوْنَ۔۔۔۔۔: اس آیت میں اللہ تعالیٰ کی توحید اور قیامت کی زبردست دلیل بیان ہوئی ہے ، یعنی یہ بتاؤ کہ وہ کھیت جس کا بیج تم زمین میں دفن کر کے آجاتے ہو ، کیا اسے زمین سے تم نکالتے اور بڑھاتے ہو، حتیٰ کہ وہ کھانے کے قابل ہوجاتا ہے ، جس پر تمہاری زندگی کا دارومدار ہے ، یا اسے اگانے والے ہم ہیں ؟ اس کا جواب اس کے سوا ہو ہی نہیں سکتا کہ اے ہمارے رب ! یہ تیری ہی کام ہے، یہ ہمارے بس کی بات نہیں۔ تو ہر عقل مند کہے گا کہ جس نے اس بیج سے جو زمین کی تہہ میں گل سڑ چکا تھا ، اناج سے بھرے ہوئے یہ خوشے اگا دیئے ، وہ تمہیں بھی مرنے کے بعد زندہ کرنے پر قادر ہے۔ یہ بات اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں جا بجا دہرائی ہے۔ دیکھئے سورة ٔ اعراف (57) ، روم (50) اور حم السجدہ (39)۔
Top