Urwatul-Wusqaa - Al-Waaqia : 43
وَّ ظِلٍّ مِّنْ یَّحْمُوْمٍۙ
وَّظِلٍّ : اور سائے مِّنْ : سے يَّحْمُوْمٍ : سیاہ دھوئیں کے
اور سیاہ دھوئیں کے سائے میں ہوں گے
اور وہ سیاہ دھوئیں کے سائے میں ہوں گے 43۔ { ظل } کے معنی سائے کے ہیں خواہ سایہ کسی چیز کا ہو یعنی درخت کا ہو یا بادل کا ‘ دھوئیں کا ہو یا آگ کا بہر حال اس کو سایہ کہیں گے۔ { یحمومٍ } اسم ہے اور اس کے معنی سیاہ دھوئیں کے ہیں۔ اس کا مادہ ح م م ہے اور حمم سے مختلف مشتقات مستعمل ہیں اور اکثر الفاظ کے مفہوم میں گرمی یا گرمی اور سیاہی یا صرف سیاہی کا مفہوم ضرور پایا جاتا ہے جیسے حمم الظھیرۃ دوپہر کی سخت گرمی۔ حمۃ الحر گرمی کی شدت حمیم گہرا دوست جس کے دل میں محبت کی گرمی موجود ہو حمیمۃ انگاراحمیّٰ بخارشفۃ حماء سیاہ رنگ کے ہونٹ ، محمۃ بخار پیدا کرنے والی زمین۔ حم پختہ ارادہ کرنا ‘ گرم کرنا ‘ پگھلانا۔ حم سیاہ ہوجانا ‘ سخت گرم ہوجانا کوئلہ ہوجانا ‘ زیر نظر آیت میں سخت سیاہ رنگ کے دھوئیں کے سایہ کا ذکر کیا گیا ہے جیسے پتھر کا کوئلہ جلانے سے سیاہ رنگ کا دھواں اٹھتا ہے اور کثیر تعداد میں نکلتے ہوئے سایہ کا کام بھی دیتا ہے اور آدمی کا دم گھنٹے لگتا ہے جو دوزخیوں کے لیے ایک طرح کا عذاب ہوگا۔
Top