Urwatul-Wusqaa - Al-Waaqia : 42
فِیْ سَمُوْمٍ وَّ حَمِیْمٍۙ
فِيْ سَمُوْمٍ : گرم ہوا میں وَّحَمِيْمٍ : اور گرم پانی میں
گرم ہوا اور کھولتے ہوئے پانی میں
یہ لوگ گرم ہوا اور کھولتے ہوئے پانی میں ہوں گے 42۔ { سمومٍ } لو ‘ تیز ہوا جو بہت گرم بھی ہو ، بھاپ کی طرح ہوا ، وہ گرم ہوا جو زہر کا سا اثر کرے { سموم } کہلاتی ہے۔ مؤنث ہے اور اس کی جمعسمائم ہے اگرچہ قرآن کریم میں بطور جمع بیان نہیں کی گئی۔ حمیمٍ نہایت گرم پانی کو بھی کہتے ہیں اور بہت گہرے دوست کو بھی لیکن اصل میں حمیمٍ کہا جاتا ہے جو اپنے دوست کی حمایت میں گرم ہوجائے اور اس کا خون کھولنے لگے لیکن پہلے معنی کے اعتبار سے اس کی جمع حمائم آئی ہے اور دوسرے معنی کے لحاظ سے احماء جمع آئی ہے۔ زیر نظر آیت میں چونکہ دوزخیوں کا ذکر ہو رہا ہے یعنی بائیں والوں کا اس لیے اس جگہ حمیمٍ کے معنی کھولتے ہوئے پانی ہی کے لیے جائیں گے اور { سموم } کے ساتھ یہی معنی صحیح اور درست بھی ہیں کیونکہ دوزخیوں کے دوزخ میں عذاب دیئے جانے کا ذکر ہو رہا ہے اور سخت لو اور سخت گرم پانی عذاب نہیں تو اور کیا ہے ؟
Top