Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 93
فَنُزُلٌ مِّنْ حَمِیْمٍۙ
فَنُزُلٌ : تو مہمانی ہے مِّنْ حَمِيْمٍ : کھولتے پانی میں سے
تو اس کے لئے مہمانی ہوگی ایک کھولتے ہوئے ہولناک پانی سے
[ 79] اصحاب شمال کی اولین ضیافت کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ جھٹلانے والوں کیلئے کھولتے پانی کی ضیافت ہوگی۔ جو اس کو زقوم کے کھانے کے بعد پینا ہوگا، سو جس کافر و منکر کا انجام آخرت کے اس حقیقی اور ابدی جہان میں یہ ہونے والا ہے، اس کو اگر دنیا جہان کی ساری دولت بھی مل جائے تو بھی اس کو کیا ملا ؟ اور وہ کس قدر محروم اور بدنصیب ہے، والعیاذ باللّٰہ، سو تکذیب و انکار حق کا جرم بہت بڑا جرم ہے اور اس کا نتیجہ و انجام بڑا ہی ہولناک انجام ہوگا لیکن یہاں پر ان کا ذکر اصحاب شمال کے عنوان کی بجائے " المکذبین الضالین " کے الفاظ سے فرمایا گیا ہے تاکہ ان کے انجام کے ساتھ ساتھ اس کے اصل سبب اور باعث کا بھی ذکر ہوجائے جس کے نتیجے میں ان کو اس ہولناک انجام سے دوچار ہونا اور یہاں پر " نُزُل " کے لفظ سے یہ بات بھی نکلتی ہے کہ ان بدبختوں کے کھولتے پانی سے یہ تواضح ان کی اولین ضیافت کی طور پر ہوگی اس کے بعد ان کو جہنم کے اصل عذاب میں جھونک دیا جائے گا کیونکہ نُزُل اس اولین ضیافت کو کہا جاتا ہے جو مہمان کے اولین قدوم اور ابتدائی آمد کے موقع پر اس کے سامنے پیش کی جاتی ہے، حضرات اہل علم اس کی تعریف اس طرح کے الفاظ سے کرتے ہیں " النزل ھو اول شی یقدم للضیف عند نزولہ " [ التسہیل لعلوم التنزیل ] سو جن بدبختوں کی نزول اور ان کی اولین ضیافت کا یہ حال ہوگا ان کی شقاوت و بدبختی کا اندازہ ہی کون کرسکتا ہے ؟ والعیاذ باللّٰہ العظیم۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہوں پر قائم رکھے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین، واکرم الاکرمین،
Top