Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 91
فَسَلٰمٌ لَّكَ مِنْ اَصْحٰبِ الْیَمِیْنِؕ
فَسَلٰمٌ لَّكَ : تو سلام ہے تیرے لیے مِنْ اَصْحٰبِ الْيَمِيْنِ : دائیں ہاتھ والوں میں سے ہو
تو (اس سے کہا جائے گا کہ) سلام ہو تم کو کہ تم دائیں جانب والوں میں سے ہو
[ 78] اصحاب یمین کیلئے سلام ہی سلام کی خوشخبری کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اگر وہ اصحاب یمین میں سے ہوگا تو اس سے کہا جائے گا سلام تمہارے لیے یعنی تمہارے بھائیوں کی جانب سے، نیز یہ کہ تمہارے لئے عذاب سے نجات و سلامتی ہے، اور تیسرا مطلب یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ سلام ہو آپ کو اے محمد ﷺ ، اصحاب یمین کی طرف سے کہ وہ عذاب سے بچ گئے اور نجات و سلامتی کی نعمت سے سرفراز ہوگئے، لہٰذا آپ ان کی فکر نہ کریں تو اس طرح آپ ﷺ کو خوشی نصیب ہوگی [ کبیر، محاسن، جامع، صفوۃ وغیرہ ] فصلوات اللّٰہ وسلامہ علیہ وعلیٰ الہٖ وصحبہ وسلم اور اس کا ایک اور مطلب جو بعض اہل علم نے بیان کیا ہے اور جو دل کو زیادہ لگتا ہے یہ ہے کہ یہاں پر کلمہء من کا تعلق سلام سے نہیں جیسا کہ عام طور پر سمجھا جاتا ہے بلکہ یہ لَکَ کی ضمیر خطاب کے بیان کیلئے ہے سو اس اعتبار سے اس کا ترجمہ یہ ہوگا کہ سلامتی ہو تیرے لئے اے صاحب یمین اور اس سلام اور سلامتی کے اندر وہ سب کچھ ہے جو اوپر اصحاب یمین کے مرتبہ سے متعلق بیان ہوا ہے سو اس سے اس کو ان تمام نعمتوں سے سرفرازی کی خوشخبری سنا دی جائے گی جو " اصحاب یمین " کیلئے مقرر ہونگی۔ اللہ نصیب فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین،
Top