Tadabbur-e-Quran - Al-Waaqia : 74
فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِیْمِ۠   ۧ
فَسَبِّحْ : پس تسبیح کیجیے بِاسْمِ : نام کی رَبِّكَ الْعَظِيْمِ : اپنے رب عظیم کے (نام کی)
تو تم اپنے رب عظیم کے نام کی تسبیح کرو !
(فسبح باسم ربک العظیم) (74) (نبی ﷺ کو صبر اور نماز کی تاکید)۔ یہ بحث کے آخر میں نبی ﷺ کو اپنے موقف حق پر ڈٹے رہنے اور اپنے رب کی تسبیح کرتے رہنے کی تاکید فرمائی۔ اس تاکید کا یہ محل ہے کہ جہاں تک دلائل کا تعلق ہے وہ تو تمہارے ساتھ ہیں لیکن یہ ہٹ دھرم لوگ ماننے والے نہیں ہیں سو ان کی پروا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تم اپنے رب کی تسبیح میں لگے رہو، تسبیح یہاں وسیع معنی یہاں پاکی بیان کرنے کے مفہوم میں ہے۔ مطلب یہ ہے کہ یہ خواہشوں کے اندھے پرستار تو یہ گمان کیے بیٹھے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے یہ دنیا محض ان کے عیش کے لیے بنائی ہے۔ ان کو علم نہیں ہے کہ رب عظیم اس بات سے پاک اور برتر ہے کہ وہ کوئی عبث اور محض کھیل تماشے کی قسم کا کام کرے۔ اس پر واجب ہے کہ وہ ایک ایسا دن لائے جس میں اپنے شکر گزار بندوں کو ان کی ناشکر گزاری کا صلہ دے اور جو نا شکرے ہیں وہ کیفر کردار کو پہنچیں۔ (باسم ربک میں ب کا صلہ اس امر کا قرینہ ہے کہ سبح یہاں اسعانت کے مضمون پر بھی متضمن ہے جس سے معنی میں یہ اضافہ ہوجائے گا کہ اپنے رب کی تسبیح کرو اور اسی سے اس صورت حال کے مقابلہ کے لیے مدد مانگو، لفظ اسم اس حقیقت کا سراغ دے رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے بندے کے تعلق و توسل کا ذریعہ صرف اس کے اسمائے حسنی ہی ہیں۔ انہی کی معرفت سے خدا کی معرفت حاصل ہوتی ہے جو تمام صحیح علم و عمل کا سر چشمہ ہے۔
Top