پہلی فصل

صاحب البرید یا رئیس البرید

ہر ایک صوبہ میں محکمہ ڈاک کی حفاظت و نگرانی و اہتمام کے لیے خلیفہ کی طرف سے ایک صاحب البرید یعنی پوسٹ ماسٹر جنرل مقرر ہوتا تھا‘ جس کا کام شاہی ڈاک کی روانگی اور قاصدوں کے لیے راستہ کی چوکیوں میں سواریوں کا بندوبست کرنا ہوتا تھا‘ اسی کے زیر اہتمام ہر ایک منزل پر گھوڑوں‘ خچروں یا اونٹوں کی ایک مناسب تعداد ہمہ اوقات موجود و مستعد رہتی تھی۔ صاحب البرید کا یہ بھی فرض ہوتا تھا کہ وہ اپنے صوبہ کے تمام اہم حالات اور ضروری واقعات کی خبریں بہم پہنچائے اور دربار خلافت کو اس کی اطلاع دے‘ صاحب البرید کے ماتحت جاسوسوں کی بھی ایک جمعیت رہتی تھی جس کے ذریعہ وہ اس صوبہ کی رعایا‘ وہاں کے حکام اور صیغوں کے حالات سے خلیفہ کو اطلاع دیتے رہتے تھے‘ صاحب البرید ہر ایک شہر میں اپنا ایک نائب مقرر کرتا تھا۔ اسی محکمہ کے ذریعہ رعایا کے خطوط بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچا دیے جاتے تھے‘ اسی صاحب البرید کے ماتحت نامہ بر کبوتروں کا بھی اہتمام رہتا تھا۔ صاحب البرید کے پاس ایک ایسا رجسٹر بھی رہتا تھا جس میں ہر ایک ڈاک خانہ اور چوکی کا فاصلہ سمت اور وہاں کے عملہ کی فہرست درج رہتی تھی۔