سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ

اولیات فاروقی

فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے بہت سی مالی و ملکی ‘ سیاسی و انتظامی‘ معاشرتی و تمدنی باتیں تجویز و ایجاد فرمائی ہیں جن کو اولیات فاروقی کے نام سے پکارتے ہیں‘ ان میں بعض کی فہرست اس طرح ہے۔ بیت المال یا خزانہ باقاعدہ طور پر قائم کیا‘ سنہ ہجری قائم کیا‘ امیر المومنین کا لقب اختیار کیا‘ فوج کے واسطے باقاعدہ دفتر قائم کیا‘ مالی دفتر الگ قائم کیا‘ رضاکاروں کی تنخواہیں مقرر کیں‘ ملک کی پیمائش کا قاعدہ جاری کیا‘ مردم شماری کرائی‘ نہریں کھدوائیں‘ شہرآباد کرائے (مثلاً کوفہ بصرہ جیزہ فسطاط (قاہرہ) صامشرک) مقبوضہ جات کو باقاعدہ صوبوں میں تقسیم کیا‘ حربی تاجروں کو ملک میں آنے اور تجارت کرنے کی اجازت دی درہ کا استعمال کیا‘ جیل خانہ قائم کیا‘ پولیس کا محکمہ قائم کیا‘ راتوں کو خود گشت کر کے رعایا کے حال سے باخبر رہنے کا طریقہ نکالا‘ پرچہ نویس (خفیہ پولیس) مقرر کئے‘ راستے اور مسافروں کے لیے کنویں اور مکانات بنوائے‘ مفلوک الحال عیسائیوں اور یہودیوں کے روزینے مقرر کئے‘ نماز تراویح باجماعت پڑھنے کا اہتمام کیا‘ تجارت کے گھوڑوں پر زکو ۃ مقرر کی‘ نماز جنازہ میں چار تکبیروں پر سب کا اجماع کیا۔