سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ
ازواج و اولاد
فاروق اعظم کا پہلا نکاح زمانہ جاہلیت میں زینب بنت مظعون بن حبیب بن وہب بن حذافہ بن جمح سے ہوا تھا‘ جن کے بطن سے عبداللہ‘ عبدالرحمن اکبر اور سیدنا حفصہ پیدا ہوئیں‘ زینب مکہ میں ایمان لائیں اور وہیں فوت ہوئیں‘ یہ عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ کی بہن تھیں جو اول المسلمین تھے اور جن کا اسلام لانے والوں میں چودھواں نمبر تھا‘ دوسرا نکاح عہد جاہلیت ہی میں ملیکہ بنت جرول خزاعی سے کیا‘ جس سے عبیداللہ پیدا ہوئے چونکہ یہ بیوی ایمان نہیں لائی اس لیے اس کو ۶ ھ میں طلاق دے دی‘ تیسری بیوی قریبہ بنت ابی امیہ مخزومی تھی‘ جس سے جاہلیت ہی میں نکاح کیا‘ اور ۶ ھ میں بعد صلح حدیبیہ اسلام نہ لانے کی وجہ سے طلاق دے دی‘ چوتھا نکاح اسلام میں ام حکیم بنت الحرث بن ہشام مخرومی سے کیا جن کے بطن سے فاطمہ پیدا ہوئیں‘ پانچواں نکاح مدینہ میں آنے کے بعد ۷ ھ میں جمیلہ بنت عاصم بن ثابت بن ابی افلح اوسی انصاری سے کیا جن کے بطن سے عاصم پیدا ہوئے‘ لیکن ان کو بھی کسی وجہ سے طلاق دے دی تھی‘ چھٹا نکاح ۱۷ ھ میں ام کلثوم بنت علی بن ابی طالب سے چالیس ہزار مہر پر کیا‘ ان کے بطن سے رقیہ اور زید پیدا ہوئے‘ عاتکہ بنت زید بن عمرو بن نفیل جو فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کی چچیری بہن تھیں اور فکیہ یمنیہ بھی فاروق اعظم کی بیویوں میں شمار کی جاتی ہیں‘ فکیہہ کی نسبت بعض لوگوں نے لکھا ہے کہ وہ لونڈی تھیں‘ ان کے پیٹ سے عبدالرحمن اوسط پیدا ہوئے تھے۔
فاروق اعظم کی اولاد میں سیدنا حفصہ زوجہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم اور سیدنا عبداللہ دو بہت نامور ہیں سیدنا عبداللہ بن عمر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ قریباً تمام غزوات میں شریک رہے۔