مغولان چنگیزی
موسیٰ خان ابن بایدو خان
موسیٰ خان کے تخت نشین ہونے پر امیر علی اویرات اور دوسرے امراء اویرات کے اقتدار نے خوب ترقی کی۔ امیر حسن جلائز جو ملک روم میں برسر حکومت تھا۔ اس نے موسیٰ خان پر چڑھائی کر کے میدان جنگ سے اس کو بھگا دیا۔ اور امیر علی کو قتل کر دیا۔ موسیٰ خان شکست خوردہ بھاگ کر ضلع ہزارہ میں آیا۔ اور یہاں گرفتار ہو کر قتل ہوا۔ موسیٰ خان کے بعد سلطان محمد خان ابن قتلق خان ابن تیمور ابن ابنارجی ابن منکور تیمور ابن ہلاکو خان تخت نشین ہوا۔ اس کی حکومت بھی موسیٰ خان کی طرح کمزور تھی۔ اس کے بعد برائے نام چند افراد اور ہلاکو خان کی نسل سے تخت نشین ہوئے۔ اور ۷۴۴ھ تک ہلاکو خان کی اولاد کا نام و نشان گم ہو گیا اور ہلاکو خان کے مفتوحہ ممالک میں بہت سی خود مختار حکومتیں قائم ہو گئیں۔