مراکش و افریقہ
ابوابراہیم احمد
ابوابراہیم احمد نے تخت نشین ہو کر فوج کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ ملک کے اندر جابجا قلعے بنوائے۔ جزیرہ صقلیہ میں رومی فوجوں کے ساتھ سلسلہ جنگ برابر جاری رہتا تھا۔ ابوابراہیم کے زمانے میں بماہ شوال ۲۴۷ھ میں مسلمانوں کو رومیوں پر ایک فتح عظیم حاصل ہوئی۔ اور بہت سے قیدی افریقہ میں آئے۔ ابوابراہیم نے ان رومی قیدیوں کونامہ بشارت کے ساتھ خلیفہ متوکل کے پاس بغداد کی جانب بھیج دیا۔ خاندان اغلب کے فرما نروا اگرچہ صوبہ افریقہ میں مستقل حکومت اور شاہی اختیارات رکھتے تھے۔ مگر بظاہر وہ خلیفہ بغداد کی سیادت کو تسلیم کرتے اور دربار خلافت سے کسی نہ کسی قسم کا تعلق ضرور رکھتے تھے۔ ۲۴۹ھ میں ابوابراہیم احمد نے وفات پائی اور اس کی جگہ اس کا بیٹا زیادۃ اللہ جو زیادۃ اللہ اصغر کے نام سے مشہور ہے تخت نشین ہوا۔