قبر کی جزا و سزا پر ایمان
عقلی دلائل
1: جو بندہ اللہ تعالیٰ،فرشتوں اور یومِ آخرت پر یقین رکھتا ہے،وہ قبر کے عذاب و ثواب پر بھی ضرور یقین رکھے گا کیونکہ یہ سب امور غیب سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں سے بعض کو تسلیم کرنے کے باعث عقل دوسری چیزوں کو بھی تسلیم کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔
2: پھر قبر کے عذاب ونعمت اور دو فرشتوں کے سوالات کو عقل بالکل رد نہیں کرتی،نہ اسے محال گردانتی ہے بلکہ عقل سلیم اس پر شہادت دیتی اور اس کا اثبات کرتی ہے۔
3: سویا ہوا انسان خواب دیکھتا ہے اور نیند میں خوش کن مناظر سے لذت حاصل کرتا ہے،بیدار ہو جائے تو ان لمحات کے نابود ہونے پر متاسف اور غمگین بھی ہوتا ہے۔اسی طرح خواب میں بری باتیں اسے افسردہ کرتی ہیں اگر اس حالت میں بیدار ہو جائے یا کوئی دوسرا اسے بیدار کر دے تواس پر خوشی کی لہر چھا جاتی ہے۔نیند میں روح متاثر ہوتی ہے اور اسے تکلیف یا خوشی کا احساس ہوتا ہے مگر قریب سے دیکھنے والے دوسرے لوگ اس کا ادراک یا احساس نہیں کر پاتے،اسی طرح برزخی تکلیف یا خوشی بھی اسی انداز کی ہے تو پھر اس کا انکار بھی کسی طورپر نہیں کیا جا سکتا۔