نکاح میں حضورﷺ اور آپ کے صحابہؓ کا طریقہ

نکاح میں کافروں کے ساتھ مشابہت اختیار کرنے پر اِنکار

حضرت عبد اﷲ بن قرط ثمالیؓ نبی کریمﷺ کے صحابہ میں سے تھے۔ وہ حضرت عمر ؓ کی طرف سے حمص کے گورنر تھے۔ ایک رات وہ حمص میں پہرہ کے لیے گشت کررہے تھے کہ ان کے پاس سے ایک بارات دلہن کو لیے ہوئے گزری اور ان لوگوں نے اس دلہن کے سامنے کئی جگہ آگ جلا رکھی تھی۔ انھوں نے کوڑے سے باراتیوں کی ایسی پٹائی کی کہ وہ سب دلہن کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔ صبح کو حضرت عبداﷲ منبر پر بیٹھے اور اﷲ کی حمد وثنا کے بعد فرمایا: حضرت ابو جندلہ ؓ نے حضرت اُمامہؓ سے شادی کی تو ولیمہ میں حضرت اُمامہ کے لیے چند مٹھی کھانا تیار کیا۔ اﷲ تعالیٰ ابو جندلہ پر رحم کرے! اور اُمامہ پر رحمت نازل کرے! اور اﷲ تمہاری رات والی دلہن اور باراتیوں پر لعنت کرے! ان لوگوں نے کئی جگہ آگ جلا رکھی تھی اور کافروں کے ساتھ مشابہت اختیار کر رکھی تھی اور اﷲ کافروں کے نور کو بجھانے والا ہے۔2