اجر و ثواب حاصل کرنے کا شوق

سیدنا حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی کوشش اور محنت

حضرت علقمہ ؓکہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ کیا حضورﷺ (عبادت کے لیے) کوئی دن مخصوص کیا کرتے تھے؟ حضرت عائشہ نے فرمایا: نہیں، آپ کے سارے کام دائمی ہوا کرتے تھے اور عبادت کرنے کی جتنی طاقت حضورﷺ میں تھی اتنی تم میں سے کس میں ہوگی؟3 حضرت مغیرہ بن شعبہ ؓ فرماتے ہیں کہ حضورﷺ نے نوافل میں اتنا لمبا قیام فرمایا کہ آپ کے پاؤں مبارک پھٹ گئے۔ کسی نے عرض کیا: کیا اللہ تعالیٰ نے آپ کے اگلے پچھلے تمام گناہ معاف نہیں کر دیے؟ (اس لیے آپ اتنی زیادہ عبادت کیوں کرتے ہیں؟) حضورﷺ نے فرمایا: تو کیا پھر میں شکر گزار بندہ نہ بنوں؟1 اس بارے میں مزید واقعات نماز کے باب میں آئیں گے۔