اجر و ثواب حاصل کرنے کا شوق

نبی کریم ﷺ کے صحابہ ؓ کی کوشش اور محنت

حضرت زبیر بن عبد اللہ ؓ اپنی دادی سے نقل کرتے ہیں جنھیں رُہَیمہ کہا جاتا تھا کہ حضرت عثمانؓ ہمیشہ روزہ رکھا کرتے تھے اور ساری رات اللہ کی عبادت کیا کرتے تھے، بس شروع رات میں کچھ دیر آرام کرتے۔2 حضرت مجاہد ؓ کہتے ہیں کہ حضرت ابنِ زبیر ؓ عبادت میں اس درجے کو پہنچے جس درجے کو کوئی نہیں پہنچ سکا۔ ایک مرتبہ اتنا زبردست سیلاب آیا کہ اس کی وجہ سے لوگ طواف نہ کر سکتے تھے، لیکن حضرت ابنِ زبیر نے تیر کر طواف کے سات چکر پورے کیے۔3 حضرت قطن بن عبد اللہ ؓکہتے ہیں کہ حضرت ابنِ زبیرؓ سات دن مسلسل بغیر افطار کے روزے رکھا کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کی آنتیں خشک ہو جایا کرتی تھیں۔ اور حضرت ہشام بن عروہ ؓکہتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن زبیرؓ سات دن مسلسل کھائے پیے بغیر روزے رکھا کرتے تھے، جب زیادہ بوڑھے ہوگئے تو تین دن مسلسل روزے رکھتے۔4 ان دونوں حضرات اور دیگر صحابۂ کرامؓ کے واقعات نماز کے باب میں آئیں گے۔