صحابہ کرام ؓ کا اللہ کے راستے میں خرچ کرنا

حضرت عثمان بن ابی العاص ؓ کا مال خرچ کرنا

حضرت ابونضرہ ؓکہتے ہیں: میں ذی الحجہ کے پہلے عشرہ میں حضرت عثمان بن ابی العاص ؓ کے پاس آیا۔ انھوں نے ایک کمرہ (مہمانوں سے) بات چیت کے لیے خالی رکھا ہوا تھا۔ ایک آدمی اُن کے پاس سے مینڈھا لے کر گزرا۔ انھوں نے مینڈھے والے سے پوچھا کہ تم نے یہ مینڈھاکتنے میں خریدا ہے؟ اس نے کہا: بارہ درہم میں۔ میں نے (دل میں) کہا: کاش کہ میرے پاس بھی بارہ درہم ہوتے تو میں بھی ایک مینڈھا خرید کر (عید پر) قربان کرتا اور اپنے اہل وعیال کو کھلاتا۔ جب میں ان کے پاس سے کھڑا ہو کر اپنے گھر آیا تو انھوں نے میرے پیچھے ایک تھیلی بھیجی جس میں پچاس درہم تھے۔ میں نے اس سے زیادہ برکت والے درہم کبھی نہیں دیکھے۔ انھوں نے مجھے وہ درہم ثواب کی نیت سے دیے اور مجھے ان دنوں ان دراہم کی شدید ضرورت تھی۔2