Urwatul-Wusqaa - Al-Furqaan : 26
اَلْمُلْكُ یَوْمَئِذِ اِ۟لْحَقُّ لِلرَّحْمٰنِ١ؕ وَ كَانَ یَوْمًا عَلَى الْكٰفِرِیْنَ عَسِیْرًا
اَلْمُلْكُ : بادشاہت يَوْمَئِذِ : اس دن الْحَقُّ : سچی لِلرَّحْمٰنِ : رحمن کے لیے وَكَانَ : اور ہے۔ ہوگا يَوْمًا : وہ دن عَلَي الْكٰفِرِيْنَ : کافروں پر عَسِيْرًا : سخت
اس دن حقیقی بادشاہی خدائے رحمن ہی کی ہوگی اور وہ دن کافروں پر بڑا سخت ہو گا
یہ دن جتنا مومنوں کے لئے آسان ہوگا اتنا ہی کافروں کے لئے مشکل ہوگا ۔ 26۔ جس طرح دنیا میں ایک ہی دن بعض کے لئے شادی اور خوشی کا دن ہوتا ہے لیکن بعض کے لئے مرگ وماتم کا جس میں آہ وزاریوں کے سوا کچھ نہیں ہوتا ، یہی حال وہاں ہوگا کہ ایک ہی روز ہے لیکن مومنوں کے لئے خوشیوں اور شادمانیوں کا دن ہوگا اور کافروں پر اتنا بھاری کہ ان کی جان جاتی ہوگی اور اس دن کو اختیار اور بادشاہی صرف اور صرف اللہ تعالیٰ ہی کی نظر آئے گی اور کسی ہیکڑی والے کی ہیکڑی نہیں چلے گی دنیا میں جو جو ان لوگوں نے سہارا سمجھ رکھا تھا وہ سب کافور ہوجائے گا اور ہر ایک شخص پر اصل حقیقت واضح ہوجائے گی کیونکہ یقینا وہ دن نتیجہ کا دن ہوگا اور سب کی بھول جاتی رہے گی نتیجہ اسی کے مطابق ہوگا جو کچھ دنیا میں انہوں کیا اور جس نیت و ارادہ سے کیا ، دنیا میں جتنے اختیار والے تھے وہ سب کے سب بےاختیار ہوجائیں گے اور سب کو پتہ چل جائے گا کہ آج اختیار صرف اللہ رب ذوالجلال والاکرام ہی کے لئے ہے اور وہی آج کے دن کا مالک ومختار ہے ۔
Top