Mafhoom-ul-Quran - Al-Baqara : 76
وَ اِذَا لَقُوا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قَالُوْۤا اٰمَنَّا١ۖۚ وَ اِذَا خَلَا بَعْضُهُمْ اِلٰى بَعْضٍ قَالُوْۤا اَتُحَدِّثُوْنَهُمْ بِمَا فَتَحَ اللّٰهُ عَلَیْكُمْ لِیُحَآجُّوْكُمْ بِهٖ عِنْدَ رَبِّكُمْ١ؕ اَفَلَا تَعْقِلُوْنَ
وَاِذَا لَقُوا : اور جب وہ ملتے ہیں الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا : جو لوگ ایمان لائے قَالُوْا : وہ کہتے ہیں آمَنَّا : ہم ایمان لائے وَاِذَا : اور جب خَلَا : اکیلے ہوتے ہیں بَعْضُهُمْ : ان کے بعض اِلٰى۔ بَعْضٍ : پاس۔ بعض قَالُوْا : کہتے ہیں اَتُحَدِّثُوْنَهُمْ : کیا بتلاتے ہوا نہیں بِمَا فَتَحَ اللّٰهُ : جو اللہ نے ظاہر کیا عَلَيْكُمْ : تم پر لِيُحَاجُّوْكُمْ : تاکہ وہ حجت تم پر لائیں بِهٖ : اس کے ذریعہ عِنْدَ : سامنے رَبِّكُمْ : تمہارا رب اَفَلَا تَعْقِلُوْنَ : تو کیا تم نہیں سمجھتے
اور جب وہ ایمان لانے والوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم بھی ایمان والے ہیں اور جب آپس میں ایک دوسرے سے تنہائی میں بات چیت ہوتی ہے تو کہتے ہیں کہ بیوقوف ہوگئے ہو ؟ ان لوگوں کو وہ باتیں بتاتے ہو جو اللہ نے تم پر کھولی ہیں تاکہ تم سے اس کے ذریعہ تمہارے رب کے آگے جھگڑا کریں کیا تم نہیں سمجھتے
یہود کی منافقت تشریح : یہاں سے ان یہودیوں کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ جو منافق تھے۔ یہ لوگ جب بھی مسلمانوں سے ملتے تو ان کو خوش کرنے کے لئے کہتے کہ ہم بھی ایمان لے آئے ہیں اور وہ تمام نشانیاں بیان کرتے جو ان کی آسمانی کتابوں میں آنحضرت ﷺ کے متعلق موجود تھیں، لیکن جب یہ لوگ آپس میں ملتے تو ایک دوسرے کو ملامت کرتے کہ تم کیوں ان کو وہ تمام دلائل بتا رہے ہو جو ہماری کتابوں میں محمد ﷺ کے بارے میں آچکے ہیں، کل کو جب ہم اللہ کے سامنے حاضر ہونگے تو یہ مسلمان ہمارے خلاف اللہ کو بتائیں گے کہ ہم سب کچھ جان کر بھی حضرت محمد ﷺ پر ایمان نہ لائے اور ہم سب کچھ جانتے بوجھتے ہوئے دین اسلام کی طرف نہ گئے اللہ تعالیٰ ان کی اس خوش فہمی، بےعلمی اور حماقت پر فرماتا ہے کہ اللہ کا علیم وخبیر ہونا کیا اتنا ہی محدود ہے کہ جو انسان بتائیں گے وہی اس کو معلوم ہوگا اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ کو کچھ معلوم نہیں۔ اللہ تعالیٰ تو ظاہر اور پوشیدہ کا تمام علم بخوبی رکھتا ہے اور جو کچھ وہ چاہے نبی ﷺ اور مسلمانوں کو اپنی قدرت کا ملہ کے ذریعہ بتا سکتا ہے۔ اس کے لئے یہ سب کچھ بالکل آسان ہے اس سے نہ تو کچھ چھپایا جاسکتا ہے اور نہ ہی ظاہر کرنے کی ضرورت ہے وہ ظاہر و پوشیدہ سب جانتا ہے۔
Top