Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 78
فِیْ كِتٰبٍ مَّكْنُوْنٍۙ
فِيْ كِتٰبٍ : ایک کتاب میں مَّكْنُوْنٍ : محفوظ
(جو ثبت و مندرج ہے) ایک (محفوظ و) پوشیدہ کتاب میں
[ 67] عظمت قرآن کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا اور تاکید در تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ بلاشبہ یہ بڑا ہی بلند پایہ قرآن ہے جو محفوظ و مندرج ہے ایک محفوظ کتاب میں۔ یعنی لوح محفوظ میں، جو کہ ہر طرح کے شیاطین کی رسائی سے بالا و محفوظ ہے، اسی لئے اس کی طرف کوئی تبدیلی راہ نہیں پاسکتی، سو یہ ایک بڑا ہی محفوظ و مبارک اور عظیم الشان کلام ہے، یہ اللہ تعالیٰ کے پاس ایک ایسی عظیم الشان کتاب میں محفوظ ہے جس تک اس کے پاک فرشتوں کے سوا کسی کی اور کوئی رسائی نہیں ہوسکتی، اس کو ملائکہ مقربین کے سوا کوئی چھو بھی نہیں سکتا، جنات اور شیاطین وہاں نہیں بھٹک سکتے، اور یہی وہ کتاب عظیم ہے جس میں انسان کیلئے دنیا و آخرت کی فوذ و فلاح اور صلاح و اصلاح کا سامان ہے، اس کے فوائد و منافع کی نہ کوئی حد ہے نہ انتہائ، اور اس سے محرومی سعادت دارین سے محرومی ہے، والعیاذ باللّٰہ العظیم۔ بہرکیف اس ارشاد سے عظمت قرآن کو واضح فرمایا گیا ہے کہ یہ بڑی ہی باعزت اور نہایت ہی برتر و بلند پایہ کلام ہے، جس سے کاہنوں اور شیطانوں کے القاء کا کوئی تعلق ہی نہیں ہوسکتا، ملائکہ مقربین کے سوا اس کو کوئی چھو بھی نہیں سکتا۔ اور یہ شان اس کتاب حکیم کے سوا اور کسی کتاب کی نہ ہوئی نہ ہوسکتی ہے، پس اس سے اعراض و روگردانی سعادت دارین سے محرومی اور محرومیوں کی محرومی ہے۔ والعیاذ باللّٰہ العظیم۔
Top