Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 17
یَطُوْفُ عَلَیْهِمْ وِلْدَانٌ مُّخَلَّدُوْنَۙ
يَطُوْفُ عَلَيْهِمْ : گردش کر رہے ہوں گے ان پر وِلْدَانٌ : لڑکے مُّخَلَّدُوْنَ : ہمیشہ رہنے والے
ان کے پاس ایسے لڑکے آمد و رفت کر رہے ہوں گے جو سدا لڑکے ہی رہیں گے
[ 15] اہل جنت کے خودموں کی صفت کا ذکر وبیان : سو ان مقربین اہل جنت کے خادموں کی صفت کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا کہ وہ ہمیشہ لڑکے ہی رہیں گے پس نہ وہ بوڑھے ہوں گے، اور نہ بگڑیں بدلیں گے، اور صحیح قول کے مطابق یہ جنت ہی کی ایک خاص مخلوق ہوگی، جن کو اہل جنت کی خدمت کے لئے بطور خاص پیدا فرمایا جائے گا، جیسا کہ حوریں کہ وہ بھی وہیں کی ایک خاص مخلوق ہوں گی، جسے اہل جنت کیلئے بطور خاص پیدا فرمایا جائے گا، [ خازن، ابن کثیر، مدارک وغیرہ ] بہرکیف اہل جنت کے خادم ہمیشہ ایک ہی سن و سال کے رہیں گے، ان کی حیثیت دائمی خدام کی ہوگی اور مجلسی خدام کیلئے ایک خاص سن کے لڑکے ہی زیادہ موزوں، خوش آداب، اور مستعد و سرگرم خیال کیے جاتے ہیں، اسلئے ان کو اللہ تعالیٰ ہمیشہ ایک سن کا رکھے گا، اور چونکہ مزاج شناس خادم اپنے آقا کی سب سے زیادہ بہتر طریقے سے خدمت کرسکتا ہے، اس لیے جو لڑکے انکے ساتھ لگا دئیے جائیں گے وہ برابر انہی کی خدمت میں رہیں گے۔ اللہ نصیب فرمائے اور محض اپنے فضل وکرم سے نصیب فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین ویا اکرم الاکرمین،
Top