خلفائے اندلس
عبدالرحمن افریقہ میں
عبدالرحمن یہاں سے چھپتا چھپاتا چل کھڑا ہوا‘ کبھی کسی گائوں میں مسافر بن کر ٹھہر جاتا‘ کبھی جنگل میں کسی درخت کے نیچے پڑا رہتا‘ غرض بھیس بدلے اور بیٹے کو لیے ہوئے بڑی بڑی منزلیں طے کرتا ہوا فلسطین کے علاقہ میں پہنچ گیا‘ وہاں اس کو اتفاقاً اس کے باپ کا غلام بدر نامی مل گیا‘ وہ بھی اسی حالت میں اپنی جان بچاتا اور چھپتا ہوا مصر کی طرف جا رہا تھا‘ بدر کے پاس عبدالرحمن کی ہمشیرہ کے کچھ زیورات اور روپیہ بھی تھا جو اس نے عبدالرحمن کی خدمت میں پیش کر دیا‘ اس طرح عبدالرحمن کی عسرت اور خرچ کی تکلیف رفع ہو گئی‘ اب اس نے اپنا بھیس بدل کر اور معمولی سوداگروں کی حالت بنا کر بدر کی معیت میں سفر شروع کیا‘ مصر میں پہنچ کر بنو امیہ کے ہمدردوں سے ملاقات کی‘ یہاں کے چند روزہ قیام کے بعد افریقہ کا قصد کیا۔