دوسری فصل
دولت مروانیہ (دیار بکر)
کرودں کے قبیلہ کا ایک شخص ابو علی بن مروان تھا‘ اس نے ولایت دیار بکر میں ایک خود مختار حکومت قائم کی‘ جو اس کے خاندان میں ۳۸۰ھ سے ۴۸۹ھ تک یعنی سو برس سے زیادہ مدت تک قائم رہی۔ آمد‘ ارزن‘ میا فارقین اور کیفہ وغیرہ شہر اسی ریاست میں شامل تھے‘ یہ لوگ عبیدیین مصر کی اطاعت کا اقرار کرتے تھے‘ اسی لیے عبیدیوں نے ان کو حلب کی حکومت دے دی تھی‘ اس طرح وہ گویا حمدانیوں کے قائم مقام ہو گئے تھے‘ یہ لوگ دولت بویہ کی اطاعت کا بھی اقرار کرتے تھے‘ سلجوقیوں کے حملے سے ان کا خاتمہ ہو گیا۔