دوسری فصل

سلطنت ادریسیہ مراقش

۱۷۲ھ میں مراقش بھی خلافت عباسیہ کی حکومت سے جدا ہو گیا اور وہاں ایک الگ خود مختار حکومت قائم ہوئی‘ یہ سلطنت اگرچہ سلطنت ہسپانیہ کے پڑوس میں تھی‘ مگر جس طرح خلفائے عباسیہ کی مخالفت کرتی تھی اسی طرح خلفاء اندلسیہ یعنی سلطنت ہسپانیہ کی بھی مخالف تھی‘ یہ قریباً دو سو سال تک قائم رہی‘ سو سو اسو برس تک تو ادریسی سلاطین خود مختار رہے‘ پھر عبیدیوں کی ابتدا افریقہ میں ہوئی تو انہوں نے ان کو اپنا باج گذار بنا لیا‘ اس کے بعد اس سلطنت کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے اور چند روز تک معمولی رئیسوں کی طرح حکمراں رہ کر معدوم ہو گئے۔