مقدمہ

تاریخ کے فوائد

تاریخ کا مطالعہ حوصلہ کو بلند کرتا‘ ہمت کو بڑھاتا‘ نیکیوں کی ترغیب دیتا‘ اور بدیوں سے روکتا ہے۔ تاریخ کے مطالعہ سے دانائی اور بصیرت ترقی کرتی‘ دور اندیشی بڑھتی‘ حزم اور احتیاط کی عادت پیدا ہو جاتی ہے‘ دل سے رنج و غم دور ہو کر مسرت و خوشی میسر ہوتی ہے تاریخی کتابوں کا مطالعہ کرنے والوں میں احقاق حق‘ اور ابطال باطل کی قوت ترقی کرتی ہے اور قوت فیصلہ بڑھ جاتی ہے۔ تاریخی مطالعہ سے صبر و استقلال کی صفت پیدا ہوتی ہے اور دل و دماغ میں ہر وقت تازگی اور نشوونمائی کی کیفیت موجود رہتی ہے۔ غرض کہ علم تاریخ ہزاروں واعظوں کا ایک واعظ اور عبرت آموزی کا ایک بہترین ذریعہ ہے تاریخی مطالعہ کے ذریعہ انسان ہر وقت اپنے آپ کو بادشاہوں‘ فاتحوں‘ رسولوں‘ دلیوں‘ حکیموں‘ عالموں اورباکمالوں کی مجلس میں موجود دیکھتا ہے اور ان تمام معززین سے استفادہ کرتا ہے بڑے بڑے بادشاہوں ‘ وزیروں‘ سپہ سالاروں اور حکیموںسے جو غلطیاں سرزد ہوئیں یہ ان سے محفوظ رہ سکتا ہے‘ کوئی علم ایسا نہیں ہے جس کے مطالعہ کو انسان اس قدر مسرت اور شادمانی کے ساتھ بلا کسی قسم کی کوفت و ماندگی برداشت کئے ہوئے جاری رکھ سکے جیسا کہ تاریخی مطالعہ کو جاری رکھ سکتا ہے۔