سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ

عراقی معرکہ

فتح یرموک کے بعد ملک شام میں مذکورہ بالا فتوحات مسلمانوں کو حاصل ہو چکیں تو انہوں نے اب حمص کی طرف جہاد قیصر ہرقل فروکش تھا بڑھنے کی تیاریاں کیں‘ اب ملک شام اور رومی لشکروں کے ساتھ مسلمانوں کی معرکہ آرائیوں کے حالات و واقعات بیان کرنے سے پیشتر مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ملک عراق کے ان حالات اور واقعات کو بھی بیان کر دیا جائے جو خلافت فاروقی کی ابتداء سے لے کر اب تک وقوع پذیر ہوئے تھے‘ اگر ہم ملک شام کے واقعات کی سیر کرتے ہوئے دور تک آگے بڑھ گئے تو پھر ملک عراق کے حالات بہت زیادہ پیچھے ہٹ کر شروع سے مطالعہ کرنے میں وہ لطف حاصل نہ ہو سکے گا جو شامی و عراقی معرکہ آرائیوں کی متوازی سیر اور تطابق زمانی کے صحیح تصور سے حاصل ہو سکتا ہے۔