سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ
نسب و ولادت
آپ رضی اللہ عنہ اشراف قریش میں سے تھے‘ زمانہ جاہلیت میں آپ کے خاندان سے سفارت مخصوص و متعلق تھی‘ یعنی جب قریش کی کسی دوسری قبیلے سے لڑائی ہوتی تھی تو آپ رضی اللہ عنہ کے بزرگوں کو سفیر بنا کر بھیجا جاتا تھا‘ یا جب کبھی تفاخر نسب کے اظہار کی ضرورت پیش آتی تو اس کام کے لیے آپ رضی اللہ عنہ ہی کے بزرگ آگے نکلتے تھے‘ آپ رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب اس طرح ہے ‘ عمر رضی اللہ عنہ بن خطاب بن نفیل بن عبدالغریٰ بن رباح بن عبداللہ بن رزاح بن عدی بن کعب بن لوی‘ کعب کے دو بیٹے تھے‘ ایک عدی دوسرے مرہ‘ مرہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے اجداد میں ہیں‘ یعنی آٹھویں پشت میں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے سلسلہ نسب میں مل کر ایک ہو جاتا ہے‘ عمر فاروق کی کنیت ابو حفص تھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے آپ رضی اللہ عنہ کو فاروق کے لقب سے ملقب فرمایا تھا‘ آپ رضی اللہ عنہ ہجرت نبوی صلی اللہ علیہ و سلم سے چالیس سال پہلے پیدا ہوئے‘ لڑکپن میں اونٹوں کے چرانے کا شغل تھا‘ جوان ہونے کے بعد عرب کے دستور کے موافق نسب دانی‘ سپہ گری‘ شہسواری اور پہلوانی کی تعلیم حاصل کی‘ عہد جاہلیت میںبھی اور مسلمان ہونے کے بعد بھی تجارت کا پیشہ کرتے تھے۔