ہجرت کا چھٹا سال
حبشہ کے مہاجرین کی واپسی
حدیبیہ سے واپس تشریف لا کر آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے عمروبن امیہ رضی اللہ عنہ ضمری کو نجاشی شاہ حبش کے نام ایک خط دے کر ملک حبش کی طرف روانہ کیا کہ وہاں سے سیدنا جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہ اور تمام مہاجر مسلمانوں کو حبش سے واپس مدینہ میں لے آئیں‘ اس خط میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے نجاشی کو اسلام کی دعوت بھی دی تھی‘ نجاشی نے اس خط کو پڑھ کر فوراً اسلام قبول کیا اور تحف و ہدایا کے ساتھ مسلمانوں کو مدینے کی طرف رخصت کیا۔
آپ صلی اللہ علیہ و سلم حدیبیہ سے واپس ہو کر ماہ ذی الحجہ میں مدینے پہنچے محرم ۷ ھ تک مدینہ میں قام فرما رہے‘ ۶ ھ کے آخر میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے اونٹ اور گھوڑوں کے دوڑانے کا قاعدہ مسلمانوں میں جاری کیا‘ کہا جاتا ہے کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہ کی والدہ ماجدہ نے اسی سال انتقال فرمایا‘ اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اسی سال مسلمان ہوئے۔