مراکش و افریقہ

ادریسی حکومت کا خاتمہ

سلیمان بن عبداللہ کا ذکر اوپر آ چکا ہے کہ وہ ادریس اکبر یا ادریس اول کا بھائی تھا۔ اور اس نے تلمسان و تاہرت کے علاقے میں اپنی حکومت قائم کر لی تھی۔ سلیمان کی وفات کے بعد اس کا بیٹا محمد بن سلیمان مغرب الاوسط پر حکمران ہوا۔ اس کے بعد بنو سلیمان میں خانہ جنگی برپا ہوئی اور ملک چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا۔ اوشکول کا علاقہ عیسیٰ بن محمد بن سلیمان کے قبضے میں آیا۔ جرادہ کی حکومت ادریس بن محمد بن سلیمان کے قبضے میں آئی ادریس بن محمد بن سلیمان کا بیٹا ابوالعیش عیسیٰ باپ کا جانشین ہوا اس کے بعد اس کا بیٹا ابراہیم بن عیسیٰ اس کے بعد اس کا بیٹا یحییٰ بن ابراہیم اس کے بعد اس کا بھائی ادریس بن ابراہیم فرماں روا ہوا۔ آخر اس خاندان کے تمام افراد کو عبدالرحمن ناصر خلیفہ قرطبہ کے سپہ سالاروں نے گرفتار کر لیا تھا۔ تینس کے صوبہ پر ۳۴۲ھ تک علی بن یحییٰ بن محمد بن ابراہیم بن محمد بن سلیمان حکمران رہا۔ اس کے بعد بھی بنو سلیمان کے اکثر افراد مغرب الاوسط کے اکثر مقامات پر برائے نام قابض و متصرف رہے پھر رفتہ رفتہ حکومت اس خاندان سے بالکل منقطع ہو گئی۔