نماز کا بیان

نماز خسوف(خسوف قمر)

چاند بے نور ہونے کے وقت بھی اسی طرح نماز پڑھی جائے جس طرح سورج گرہن کے وقت پڑھی جاتی ہے،اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’فَإِذَا رَأَیْتُمُوھُمَا فَافْزَعُوا إِلَی الصَّلَاۃِ‘ ’’جب تم انھیں(گرہن)دیکھو تو نماز کی طرف جلدی آؤ۔‘‘[3] البتہ بعض علماء کا خیال ہے کہ چاند گرہن کے وقت اکیلے اکیلے گھروں اور مساجد میں نماز پڑھ لی جائے،اس کے لیے جماعت کی ضرورت نہیں ہے،اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خسوفِ قمر(چاند گرہن)کے وقت جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا ثابت نہیں ہے،جبکہ کسوف شمس(سورج گرہن)کے وقت آپ نے نماز باجماعت پڑھی تھی مگر اس بارے میں وسعت ہے،جماعت کا اہتمام کرلیں تو بھی درست ہے اور اکیلے پڑھیں تو بھی جائز۔اصل مقصد نماز اور دعا میں مشغول ہونا ہے،یہاں تک کہ یہ کیفیت دور ہو جائے۔