صحابہ کرام ؓ کی نصیحتیں

حضرت جُندُب بَجلی ؓکی نصیحتیں

حضرت جُندُب بَجلی ؓ نے فرمایا: اللہ سے ڈرو اور قرآن پڑھو، کیوںکہ قرآن اندھیری رات کا نور ہے۔ اور چاہے دن میں مشقت اور فاقہ ہو، لیکن قرآن پڑھنے سے دن میں رونق آجاتی ہے۔ اور جب کوئی مصیبت تمہارے مال اور تمہارے جسم میں سے کسی ایک پر آنے لگے تو کوشش کرو کہ مال کا نقصان ہوجائے اور جان کا نہ ہو۔ اور جب مصیبت تمہاری جان اور تمہارے دین میں سے کسی ایک پر آنے لگے تو کوشش کرو کہ جان کا نقصان ہوجائے، لیکن دین کا نہ ہو۔اور اصل ناکام اور نامراد وہ ہے جو اپنے دین میں ناکام ونامراد ہو۔ اور حقیقت میں ہلاک ہونے والا وہ ہے جس کا دین برباد ہوجائے۔ غور سے سنو! جنت میں جانے کے بعد کوئی فقر و فاقہ نہیں ہوگا، اور جہنم میں جانے کے بعد غنا اور مال داری کی کوئی صورت باقی نہیں رہے گی، کیوںکہ جہنم کا قیدی کبھی چھوٹ نہیں سکے گا اور اس کا زخمی کبھی ٹھیک نہیں ہوگا اور نہ اس کی آگ کبھی بجھے گی۔ اور اگر کسی مسلمان نے کسی مسلمان کا مٹھی بھر خون بہایا ہوگا تو یہ اس کے لیے جنت میں جانے سے رکاوٹ بن جائے گا اور جب بھی جنت کے کسی دروازے سے داخل ہونا چاہے گا تو وہاں اسے یہ خون دھکے دیتا ہوا ملے گا۔ اور جان لو کہ آدمی کو مرنے کے بعد جب دفن کردیا جاتاہے تو سب سے پہلے اس کا پیٹ سڑتاہے اور اس میں سے بدبوآنے لگتی ہے،لہٰذا اس بدبو کے ساتھ حرام روزی سے گندگی کا اضافہ نہ کرو۔ اور اپنے مسلمان بھائیوں کے مال کے بارے میں اللہ سے ڈرو اور خون بہانے سے بچو۔ 1