صحابہ کرام ؓ کا ذکر

حضورﷺ کی حضرت جعفربن ابی طالب، ان کی اولاد، حضرت زید بن حارثہ اور حضرت ابنِ رواحہ ؓ کے لیے دعائیں

طبرانی اور ابنِ عساکر میں حضرت ابنِ عباسؓ سے اور احمد وابنِ عساکر میں حضرت عبداﷲ بن جعفر ؓ سے روایت ہے کہ حضورﷺ نے یہ دعا فرمائی: اے اﷲ! جعفر کی اولاد میں تو اس کا خلیفہ بن جا۔ طیالسی، ابنِ سعد اور احمد وغیرہ میں حضرت عبداﷲ بن جعفرؓسے روایت ہے کہ حضورﷺ نے تین مرتبہ یہ دعا فرمائی: اے اﷲ! تو جعفر کے اہل وعیال میں اس کا خلیفہ بن جا اور (اُن کے بیٹے) عبداﷲ کی خرید وفروخت میں برکت عطا فرما۔ ابنِ ابی شیبہ میں حضرت شعبی سے منقول ہے: بَلْقاء علاقہ کے غزوۂ مُوْتہ میں حضرت جعفر بن ابی طالبؓ جب شہید ہو گئے تو حضورﷺ نے یہ دعا فرمائی: اے اﷲ! اب تک تو اپنے جتنے نیک بندوں کا خلیفہ بنا ہے ان سب سے زیادہ اچھی طرح تو جعفر کے اہل و عیال میں اس کا خلیفہ بن جا۔ 1 حضرت ابو مَیْسَرہ کہتے ہیں: جب حضرت زید بن حارثہ، حضرت جعفر اور حضرت ابنِ رواحہ ؓ کی شہادت کی خبر پہنچی تو حضورﷺ نے کھڑے ہو کر ان تینوں کے حالات بیان کیے اور اِبتدا حضرت زیدسے فرمائی۔ پھر یہ دعا فرمائی: اے اﷲ!زید کی مغفرت فرما۔ اے اﷲ! زید کی مغفرت فرما۔ اے اﷲ!زید کی مغفرت فرما۔ اے اﷲ!جعفر اور عبداﷲ بن رواحہ کی مغفرت فرما۔2