صحابہ کرام ؓ کا ذکر

حضورﷺ کی حضراتِ حسنین ؓ کے لیے دعائیں

حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے حضرت حسن حضرت حسین ؓ کے لیے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! میں ان دونوں سے محبت کرتاہوں تو بھی ان سے محبت فرما اور جس نے ان دونوں سے محبت کی اس نے حقیقت میں مجھ سے محبت کی۔2 حضرت ابوہریرہ ؓ سے اس دعا کے یہ الفاظ منقول ہیں: اے اللہ! میں ان دونوں سے محبت کرتاہوں تو بھی ان دونوں سے محبت فرما۔3 نسائی اور ابنِ حبان میں یہ دعا حضرت اُسامہ ؓ سے منقول ہے۔ اس کے آخر میں یہ ہے کہ جو اِن دونوں سے محبت کرے تو اس سے بھی محبت فرما۔ اور اس کے شروع میں یہ ہے کہ یہ دونوں میرے بیٹے ہیں اور میری بیٹی کے بیٹے ہیں۔4 ابنِ ابی شیبہ اور طیالسی میں یہ دعا حضرت ابوہریرہ ؓ سے منقول ہے۔ اس میں مزید یہ بھی ہے کہ جو اِن سے بغض رکھے تو اس سے بغض رکھ۔5 ’’بخاری‘‘ و’’ مسلم ‘‘ وغیرہ میں حضرت ابوہریرہ ؓ سے، اور طبرانی میں حضرت سعید بن زید اور حضرت عائشہؓ سے منقول ہے کہ حضورﷺ نے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! مجھے حسن سے محبت ہے تو بھی اس سے محبت فرمااور جو اِس سے محبت کرے اس سے بھی محبت فرما۔6 ابنِ عساکر میں حضرت محمد بن سیرین سے یہ بھی منقول ہے کہ اے اللہ! اسے بچااور اس کے ذریعہ سے (دوسروں کو) بچا۔7 حضرت بَراء ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت حسین ؓ کو کندھے پر اٹھارکھاہے اور یہ دعا فرما رہے ہیں:اے اللہ! مجھے اس سے محبت ہے تو بھی اس سے محبت فرما۔1