نکاح میں حضورﷺ اور آپ کے صحابہؓ کا طریقہ
حضرت عدی بن حاتم ؓ کا اپنی بیٹی سے حضرت عمرو بن حُرَیثؓ کی شادی کرنا
حضرت شعبی ؓکہتے ہیں کہ حضرت عمرو بن حُرَیث ؓ نے حضرت عدی بن حاتم ؓ کو (ان کی بیٹی سے) شادی کا پیغام دیا، تو حضرت عدی نے فرمایا: مہر کے بارے میں میرا فیصلہ مانو گے تو میں اپنی بیٹی کی آپ سے شادی کروں گا۔ حضرت عمرو نے پوچھا: آپ کا وہ فیصلہ کیا ہے؟ حضرت عدی نے کہا: تم لوگوں کے لیے رسول اﷲﷺ کا ایک عمدہ نمونہ موجود ہے، میرا تمہارے بارے میں یہ فیصلہ ہے کہ حضرت عائشہؓ والا مہر چار سو اسّی درہم دو گے۔1
حضرت حمید بن ہلال ؓ کہتے ہیں کہ حضرت عمرو بن حُرَیث ؓ نے حضرت عدی بن حاتمؓکو شادی کا پیغام دیا، تو حضرت عدی نے کہا: میں آپ سے شادی تو کر دوں گا لیکن مہر کے بارے میں میرا فیصلہ ماننا ہوگا۔ حضرت عمرو نے کہا: میرے بارے میں آپ کا جو فیصلہ ہے وہ مجھے بتا دیں۔ بعد میں حضرت عدی نے ان کو یہ پیغام بھیجا کہ میں نے چار سو اسّی درہم مہر کا فیصلہ کیا ہے جو حضورﷺ کی سنت ہے۔2